• news
  • image

2018ء کے انتخابات بروقت نہ ہوئے تو ملک میں اندھیرے ہونگے: حمزہ شہباز

لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور چیئرمین پبلک افیئرز یونٹ پنجاب میاں حمزہ شہباز ایم این اے نے کہا ہے کہ 2018ء کے انتخابات بروقت نہ ہوئے تو ملک میں اندھیرے ہوں گے‘ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں۔ انہوں نے ہی کل ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے۔ 2008ء کے بعد تعلیم کے بجٹ میں ہم نے ساڑھے چار گنا اضافہ کیا جبکہ یہاں ایسے لوگ بھی ہیں جو میٹرو بس کو جنگلا بس کہتے تھے لیکن اقتدار کے چوتھے سال انہیں میٹرو بس بنانا یاد آ گیا اور ایسے لوگ بھی ہیں جو چیچوکی ملیاں کے پاور پراجیکٹ کے اربوں روپے کھا گئے‘ وہاں بجلی پیدا ہوئی نہ ہی کوئی عمارت بنی۔ انہوں نے مزید کہاکہ سیاست سچ پر مبنی ہونی چاہئے اور اس کے لئے خدمت کا جذبہ ہونا چاہئے‘ عوام نے اپنی قسمت کا فیصلہ خود کرنا ہے‘ ووٹ دینے سے پہلے ضرور سوچنا چاہئے کہ جسے ووٹ دینا ہے وہ پاکستان کی خدمت کرنا جانتا ہے یا محض باتیں کرتا ہے۔ وہ گزشتہ روز ایوان اقبال میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر میاں مرغوب احمد‘ چودھری شہباز‘ غزالی سلیم بٹ‘ عمران گورایا و دیگر بھی موجود تھے۔ میاں حمزہ شہباز نے کہاکہ میں کسی کی بُرائی نہیں کرنا چاہتا‘ آپ نے مستقبل کی باگ ڈور سنبھالنی ہے یہاں ایسے بھی لوگ ہیں جو میٹروبس کو جنگلا بس کہتے تھے اور اپنے اقتدار کے چوتھے سال انہیں میٹرو بس بنانا یاد آ گیا۔ انہوں نے زرداری حکومت کا نام لئے بغیر چیچوکی ملیاں کے پاور پراجیکٹ کی بربادی کا ذکر کیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان سے پوچھیں کہ وہ ہر مہینے چین جاتے تھے وہ کیوں نہیں 42ارب ڈالر کی سرمایہ کاری لائے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے تھے کہ خیبر پی کے میں 350 ڈیم بنائوں گا جبکہ وہاں ایک ڈیم نہیں بنا۔ ووٹ دینے سے پہلے ضرور سوچنا چاہئے کہ پاکستان کی خدمت کرنا کون جانتا اور کون محض باتیں کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمنوں کو پاکستان کی ترقی کھٹک رہی ہے‘ چار سال پہلے جہاں لوڈشیڈنگ اور اندھیرے تھے وہاں اندھیرے دور ہو رہے اور اُجالے بحال ہو رہے ہیں۔ مجھے فخر ہے کہ میرے باپ نے ملک کی خدمت کی‘ اربوں روپے کے منصوبے بنائے لیکن ان کے سینے پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں ہے۔ انہوں نے جھوٹے الزام لگانے والوں پر ہتک عزت کا دعویٰ کیا لیکن وہ اس مقدمے کا سامنا کرنے کی بجائے آگے آگے بھاگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پرویز مشرف کے دور میں آٹھ سال ریکارڈ کھنگالنے کے باوجود ہمار ے خلاف کچھ نہیں نکلا۔ انہوں نے کہاکہ میں ملک کی خاطر افواج پاکستان کے جان قربان کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو ہمارے کل کیلئے اپنا آج قربان کر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سیاستدانوں کو ان شہیدوں کی قربانیوں کو ضائع نہیں جانے دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ میں ایسے سیاستدانوں سے کہتا ہوں کہ پاکستان پر رحم کرو ان میں سے کچھ کہتے ہیں کہ میری باری آئے‘ دوسروں کو نااہل کر دو‘ جو دھرنوں کی سیاست فروغ دے رہے انہیں پاکستان کا خیال کرنا چاہئے تاکہ پاکستان کے دشمنوں سے مقابلہ کیا جا سکے‘ ملک دشمنو ںکو پاکستان کی ترقی کھٹک رہی ہے اگر ہم آپس میں لڑتے رہے تو دشمنوں کی ضرورت نہیں ہو گی۔ 2018ء کے انتخابات بروقت نہ ہوئے تو پھر ملک میں اندھیرے ہوں گے‘ سیاسی جماعتیں پاکستان پر رحم کریں اور عام انتخابات کی راہ ہموار کریں۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن