• news

پاکستانی خواتین ویٹ لفٹرز نے ثابت کر دیا کسی سے کم نہیں : عامر جان

لاہور( سپورٹس رپورٹر)سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے سنگاپور میں ہونیوالی اوشیانا پیسیفک پاور لفٹنگ چیمپئن شپ میں 15گولڈ میڈلز جیتنے پر قومی پاورلفٹنگ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ پیر کے روز ٹیم کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پاور لفٹنگ ٹیم نے 15گولڈ میڈلز جیت کر قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے، یہ موقع پوری قوم کیلئے مسرت کا باعث ہے۔ محمد عامر جان نے خواتین کھلاڑیوں سنیہا غفور، ٹونکل سہیل اور سبیل سہیل کو خصوصی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہر خاتون کھلاڑی نے چار،چار گولڈ میڈلز جیت کر ثابت کردیا کہ خواتین کسی سے کم نہیں ہیں، یہ یقینا ان کی سخت محنت کا نتیجہ ہے کیونکہ محنت کے بغیر عالمی مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنا آسان نہیں۔ چیمپئن شپ میں پاور لفٹرز نے 15گولڈ میڈلز جیت کر نوجوان کھلاڑیوں کو بھی نوید سنادی کہ پاکستان میں پاور لفٹنگ کا مستقبل درخشاں ہے۔ واضح رہے کہ سبیل سہیل نے 47کلوگرام کی کیٹیگری میں چار جبکہ سنیہا اور ٹونکل نے 57اور 72 کلوگرام کی کیٹیگریز میں بھی چار، چار گولڈ میڈلز جیتے، مرد پاور لفٹرز میں محمد احمد ، سید ندیم ہاشمی نے 105کلو گرام اور محمود ہیرا نے 120کلوگرام کیٹیگری میں گولڈ میڈلز جیتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن