• news
  • image

لاہور میں فیشن شو

سیف اللہ سپرا

حکومت پاکستان اور پاک فوج کی کوششوں سے ملک میں کافی حد تک امن بحال ہو گیا ہے اور آہستہ آہستہ پاکستان کے ثقافتی مرکز لاہور کی رونقیں بھی واپس لوٹ رہی ہیں۔ اب ہر روز اس تاریخی اور ثقافتی شہر کے کسی نہ کسی کونے میں کوئی ادبی اور ثقافتی تقریب ہو رہی ہوتی ہے۔ گذشتہ ہفتے لاہور کے تاریخی ہوٹل فلیٹیز میں ایک فیشن شو کا انعقاد کیا گیا۔ یہ فیشن شو تین روز پر محیط تھا۔ اس سہ روزہ فیشن شو کے پہلے دن ملک کے نئے عروسی رجحانات کو یکجا کیا گیا۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی برائیڈل شو میں ملک کے مشہور و معروف ڈیزائنرز کے ساتھ ایسے نواردات کی صلاحیتوں کو بھی سامنے لایا گیا جو نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر خود کو منوانے کے خواہاں ہیں۔ اس فیشن شو کی کوریوگرافی ماضی کی مقبول سپر ماڈل ونیزہ احمد علی نے کی جبکہ سٹائلنگ کی ذمہ داری نبیلہ نے ادا کی۔ شو کے پہلے دن کا آغاز فہد حسین کے سیرت ناولٹی کیٹیور 17/18 سے کیا گیا‘ بعدازاں مفراح نے اپنے انتہائی شاندار روایتی ملبوسات پیش کئے۔ تیسرے نمبر پر سٹیج کو رونق بخشنے والے ہمایوں عالمگیر تھے جنہوں نے ’’پوشاک‘‘ کے عنوان سے اپنا انتخاب پیش کیا‘ ان کے بعد ریما احسن نے بعنوان ’’جیسز‘‘ اپنا انتخاب پیش کیا۔ پہلے دن کے پہلے شو کا اختتام عائشہ عمران نے ’’جہان آرائ‘‘ کے عنوان سے بنائے گئے ملبوسات کے ذریعے کیا۔ پہلے دن کے دوسرے شو کا آغاز زیگی مینز ویئر نے اپنے انتخاب کے ذریعے کیا‘ جس کا عنوان ’’فارس‘‘ تھا۔ بعدازاں ایم این آر ڈیزائن سٹوڈیوز کا انتخاب بعنوان ’’گلاب سندیس‘‘ پیش کیا گیا۔ ان کے بعد آنے والے تھے دیپک اور فہد جنہوں نے ’’شہتابی‘‘ کے عنوان سے اپنا انتخاب پیش کیا۔ سہ روزہ عروسی تقریب کے پہلے دن کے دوسرے شو کا اختتام ایک خصوصی سیگمنٹ ’’کلاسک 15‘‘ کے ذریعے ہوا جس میں ملک کے چوٹی کے پندرہ کیٹیوررز بشمول ایچ ایس وائی‘ کامرہ‘ ایلان‘ ثانیہ مسقطیہ‘ ہائوس آف امیر عدنان‘ ندا ازور‘ رانا نعمان‘ دی ہائوس آف کامیارروکنی‘ مغل‘ شمسہ ہاشوانی‘ نیلوفر شاہد‘ فرح طالب عزیز‘ مہدی‘ ری پبلک بائے عمر فاروق اور ہنی وقار نے اپنے شاندار ملبوسات پیش کئے۔ ہم برائیڈل کیٹیور ویک کی ایک وجہ شہرت معروف شخصیات کو بطور شو اسٹاپرپیش کرنے کے علاوہ جاندار پرفارمنس کا مظاہرہ بھی ہے۔ پہلے دن شان شاہد‘ عظمیٰ حسن اور محب مرزا فہد حسین کے شواسٹاپر پیش کئے گئے جبکہ بلال عباس ہمایوں عالمگیر کے شواسٹاپر میں ولی حامد خان کی خصوصی پرفارمنس کے ساتھ جلوہ گر ہوئے۔ اداکار احمد علی اور ماہ نور نے عائشہ عمران کے ملبوسات کے ذریعے ریمپ پر جان ڈالی۔ بین الاقوامی شہرت یافتہ سجل علی اور آئمہ بیگ نے ایم این آر کلکشنز کے شواسٹاپرز کو رونق بخشی۔
ماہر رقاص وہاب شاہ نے تقریب کو چار چاند لگاتے ہوئے پینٹین سیگمنٹ پرفارمنس پیش کی‘ جبکہ زوئی ویکاجی نے شام کو تفریح کے عروج تک پہنچا دیا۔تقریب کے کلاسک 15سیگمنٹ میں ابھرتے ہوئے گلوکار ہارون شاہد نے اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے شام کا اختتام کیا۔
صدر ہم نیٹ ورک سلطانہ صدیقی نے ہم برائیڈل کیٹیور ویک کے حوالے سے بات کرتے کہا کہ یہ ایک نہایت خوش آئند حقیقت ہے کہ پاکستان میں آج ایسے شاندار اور حیرت انگیز کام ہو رہے ہیں جو ہمارے لئے باعث فخر ہیں ‘میں نے ہمیشہ ایسے ہی پاکستان کا خواب دیکھا تھا۔فیشن انڈسٹری بھی پاکستان کی دیگر صنعتوں کی مانند ایک ایسی صنعت ہے جو ترقی کی شاندار شاہراہوں پر گامزن ہے۔ ہم نے ہمیشہ فیشن اور اس سے منسلکہ صنعتوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کر کے دنیا بھر میں اس صنعت کی ترقی کیلئے راہیں استوار کی ہیں۔ ہمارے ڈرامے نیٹ فکس پر نشر کئے گئے‘ اب ہم فلمیں بنا رہے ہیں جن میں اداکاروں کے پہنے ہوئے ملبوسات اور زیورات نہ صرف اس صنعت کو دنیا بھر میں معروف کریں گے بلکہ پاکستان کے مثبت تاثر کو ابھارنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
پہلے دن کے شاندارشو کے بعد پینٹین برائیڈل کیٹیور ویک کا دوسرا روز بھی انتہائی دلچسپ رہا۔ حسب روایت پندرھویں ایڈیشن میں بھی برائیڈل کیٹیور ویک کے انتہائی شاندار سٹیج نے دیکھنے والوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیا جس میں دوسرے دن کے لئے تبدیلی کی گئی تھی۔ سہ روزہ فیشن شو کے دوسرے روز بھی ملک کے نئے عروسی رجحانات کو یکجا کیا گیا۔ برائیڈل کیٹیور ویک کے دوسرے دن کا آغاز منصور اکرام بائے امینہ یاسمین کے بھاری بھر کم عروسی ملبوسات کے ذریعے کیا گیا‘ بعدازاں انیسہ کیانی نے ’’راہ عشق‘ محبت کے تین درجے‘‘ کے عنوان سے اپنا انتخاب پیش کیا۔ ان کا تاج کیانی سے متاثر انتخاب جو ایرانی تاج اور زیورات کا مجموعہ نظر آ رہا تھا۔ ان کے بعد سٹیج کو رونق بخشنے والے ریٹیل برانڈ ایڈن روب تھے‘ ان کے بعد کریسٹی لین بائے عائشہ فرید نے اپنے ملبوسات پیش کئے۔ دوسرے دن کے پہلے شو کا اختتام ارم خان کے ’’صاحبہ برائیڈل کلیکشن سمر 2017ئ‘‘سے ہوا جو خوا تین کی خوشحالی اور روشن طاقت کی عکاس ہے۔
دوسرے دن کے دوسرے شو کا آغاز شینئر کی ’’تھمری‘‘ سے کیا گیا۔ بعدازاں ڈیمنز کیٹیور کے ’’اسکیپ ڈی ویوور 2017ئ‘‘ نے اپنا شاندار انتخاب پیش کیا۔ اس کے بعد پینٹین ہم برائیڈل کیٹیور ویک 2017ء نے ریٹیل برانڈ رائل ٹیگ کے شاندار ملبوسات ’’ماڈرن مین‘‘ ناظرین کے سامنے پیش کئے۔ سہ روزہ عروسی تقریب کے دوسرے دن کے دوسرے شو کا اختتام لاجونتی کے سلطنت عثمانیہ کی عظمت سے متاثرہ مجموعہ ’’سلطانہ‘‘ پیش کیا۔ برائیڈل کیٹیور ویک کی ایک وجہ شہرت معروف شخصیات کو بطور شو اسٹاپر پیش کرنے کے علاوہ جاندار پرفارمنس کا مظاہرہ بھی ہے۔ دوسرے دن کا سٹیج بھی ستاروں سے جگمگا رہا تھا جس میں سنبل اقبال‘ عظمیٰ خان کے علاوہ معروف گلوکار عاصم اظہر نے امینہ یاسمین بائے منصور اکرام کے شواسٹاپرز زیب تن کئے۔ باصلاحیت اداکار احسن خان ایڈن روب کیلئے کیٹ واک کی‘ ان کے بعد ابھرتی ہوئی فنکارہ اقراء عزیز‘ یمنی زیدی‘ زارا نور عباس سمیع خان‘ اسد صدیقی اور عفان وحید نے عائشہ فرید کے شو اسٹاپر پیش کئے۔ منال خان نے ارم خان کیلئے جبکہ ایمن خان نے شینئر کلیکشن کے شو اسٹاپرز پیش کئے۔ نرما خان نے ڈیمنز جبکہ حسن شہریار یاسین نے رائل ٹیگ کے شو اسٹاپر زیب تن کئے۔ شو کا اختتام ماورہ حسین نے لاجونتی کے انتخاب پر واک کی۔
سہ روزہ فیشن شو کے آخری دن بھی ملک کے ممتاز اور ابھرتے ہوئے ڈیزائنرز کی جانب سے نئے عروسی رجحانات کو یکجا کیا گیا۔ فیشن شو کے آخری روز بھی پاکستانی ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کے جانے پہچانے چہروں نے مختلف ڈیزائنرز کے لئے کیٹ واک کی۔ برائیڈل کیٹیور ویک کے تیسرے دن کا آغاز زونیہ انوار کے عروسی ملبوسات ’راز زیبائی‘ خوبصورتی کے رازـ‘‘ کے ذریعے کیا گیا۔ بعدازاں امشاء بائے عظمی بابر نے ’’خواہش‘ کے عنوان سے اپنے انتخاب کو پیش کیا۔ ان کے بعد احسن منز وئیر نے اپنا انتخاب بعنوان ’تعبیر 2018‘ کیٹ واک پر پیش کیا۔ تیسرے دن کے پہلے شو کا اختتام آصفہ اینڈ نبیل کے انتخاب ’’اکراس دی گلوب ‘‘سے ہوا۔
تیسرے دن کے دوسرے شو کا آغاز نکی نینا کی ’’اڈینا جنریشن IV‘‘ سے کیا گیا۔ بعدازاں ’اسٹرانگ از بیوٹی فل‘ سیگمنٹ میں ماہین غنی تاثیر نے اپنا شاندار انتخاب ’ان نسم‘ اسٹرنگ آف پرلز‘‘ پیش کیا۔اس کے بعد ڈیزائنر منیب نواز کے شاندار ملبوسات ’’غالب 2017‘‘کو ناظرین کے سامنے لایا گیا۔ سہ روزہ عروسی تقریب کا اختتام پاکستان کے مایہ ناز ڈیزائنر علی ذیشان کے شاندار انتخاب ’ڈینائل‘ سے کیا گیا۔
پینٹین ہم برائیڈل کیٹیور ویک کے تیسرے دن کا سٹیج بھی ستاروں سے جگمگا رہا تھا جس میں معروف گلوکارہ قرت العین بلوچ نے زونیہ انوار کا شواسٹاپر زیب تن کیا۔ باصلاحیت اداکارہ صبا قمر نے امشاء بائے عظمی بابر کیلئے کیٹ واک کی‘ ان کے بعد ابھرتی ہوئی فنکارہ کبرٰی خان نے آصفہ اینڈ نبیل کا شو اسٹاپر پیش کیا جبکہ سوچ بینڈ نے پرفارم کیا۔ حریم فاروق‘ عثمان مختار اور علی رحمان نے نکی نینا کے شو اسٹاپرز پیش کئے۔ اشناء شاہ نے ماہین غنی تاثیر جبکہ علی حمزہ نے منیب نواز کے شو اسٹاپر زیب تن کئے۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن