• news
  • image

ہالی وڈ کے شب و روز

شاذیہ سعید
shazi1730@hotmail.com
امریکی ماڈل بیلا حدید رو پڑیں
معروف امریکی ماڈل بیلا حدید صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے باضابطہ اعلان کے بعد فلسطینیوں کے ساتھ ہونیوالی ناانصافی پر روپڑیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دوروز قبل مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ان کے اس اعلان کے بعد عالم اسلام کی جانب سے سخت ردعمل دیکھنے میں آرہا ہے اور اسلامی رہنماؤں کی جانب سے ان کے اس بیان کی سخت مذمت کی جارہی ہے۔ امریکہ کی ٹاپ ماڈل بیلا حدید نے بھی صدر ٹرمپ کے اس بیان پرانسٹاگرام پر سخت غصے کااظہار کیا ہے۔انہوں نے لکھا ہے میں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کی خبر دیکھی جس کے بعد فلسطینیوں کے درد اور غم کا سوچ کر میں روپڑی۔ آج کا دن بہت افسوسناک ہے۔ ٹرمپ کے اس اعلان کے بعد اپنے والد، کزنز اور فلسطینی خاندانوں کا درد دیکھنے کے بعد میرے لئے لکھنا بھی مشکل ہوگیا ہے۔یروشلم تمام مذاہب کا گھر ہے تاہم ٹرمپ کے اس بیان کے بعد مجھے ایسا محسوس ہورہا ہے جیسے ہم امن سے 5 قدم پیچھے چلے گئے ہیں۔ فلسطینیوں کے ساتھ بہت ناروا سلوک کیا جارہا ہے جو ناقابل برداشت ہے یہ یک طرفہ فیصلہ ہے۔ میں فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی ہوں۔واضح رہے کہ ازابیلا خیر حدید المعروف بیلا حدیدکا شمار امریکہ کی ٹاپ ماڈلز میں ہوتا ہے۔وہ 2016 میں ’’ماڈل آف دی ائیر‘‘کا ایوارڈ بھی اپنے نام کرچکی ہیں جبکہ بیلاکے والدمحمد حدید کا تعلق فلسطین سے ہے۔
اینیمیٹڈ فلم کوکو کا سنیما گھروں پر راج
چلبلے کرداروں اور ان کی شرارتوں سے بھری فلم ‘‘کوکو’’ امریکی شائقین کو بھا گئی۔ اینیٹمڈ فلم نے اس ویک اینڈ پر بھی دو کروڑ 60 لاکھ ڈالر کما کر پہلی پوزیشن برقرار رکھی۔رواں ہفتے دوسرے نمبر پر ‘‘جسٹس لیگ’’ رہی۔ سپر ہیروز کی فلم نے ایک کروڑ 70 لاکھ ڈالر کا بزنس کیا جبکہ بیماری کا شکار بچے کے عزم کی جھلک دکھاتی مووی ونڈر ایک کروڑ 20 لاکھ ڈالر کے ساتھ تیسرے پوزیشن پر رہی۔
لیڈی گاگا تنہا رہ گئیں
شہرت خواہ کیسی بھی ہو خوشی ہی دیتی ہے لیکن یہ گلوکارہ لیڈی گاگا کا ماننا ہے کہ انہیں شہرت نے سوائے دکھ والم کے کچھ نہیں دیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق لیڈی گاگا کا کہنا ہے کہ گزرے برسوں میں ان کا ان کے پرانے دوستوں سے تعلق متاثر ہوا ہے، وہ ان سے بات کرنے کو ترستی رہتی ہیں۔ لیڈی گاگا جو ڈپریشن کی مریضہ رہ چکی ہیں نے کہا کہ یوں لگتا ہے کہ آپ ایک رولر کوسٹر پر سوار ہیں۔گاگا نے اعتراف کیا کہ وہ اپنی شہرت سے ہرگز سکون محسوس نہیں کرتیں کیونکہ شہرت نے تکلیف دہ حد تک تنہا کر دیا ہے۔
شون ڈڈی سب سے زیادہ کمائی کرنے والے گلوکار بن گئے
ہر سال کی طرح اس برس بھی امریکی میگزین فوربز نے17- 2016 میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والے گلوکاروں کی فہرست جاری کر دی گئی ہے ۔جس کی رو سے امریکی گلوکار شون ڈِڈی کومبز 13 کروڑ ڈالرز کما کر سر فہرست رہے۔ انکی ہم وطن گلوکارہ بیونسے 10 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز کے ساتھ دوسرے نمبر رہیں۔ کینیڈا کے ریپر ڈریک نے 9 کروڑ 40 لاکھ ڈالر سمیٹے جبکہ انکے ہم وطن دی ویکنڈ صرف 20 لاکھ ڈالرز کمی سے چوتھے نمبر پر چلے گئے۔ برطانوی میوزک گروپ کولڈ پلے نے8کروڑ اسی لاکھ ڈالر کمائے۔
ٹویٹ نے مس ترکی کا تاج چھین لیا
ترکی میں معنقد کئے گئے مقابلہ حسن میں جیتنے کے باوجود تاج سے محروم کر دی جانے والی 18 سالہ ترک حسینہ اتیر ایسن ایک بار پھر مشکلات کا شکار ہو گئی ہے۔ ترک حکام کی جانب سے اتیر ایسن کو صدر طیب اردگان کی حکومت کا مزاق اڑنے کے الزامات کا سامنا ہے۔ اس جرم میں اسے ایک سال تک قید کی سزا سنائی جاسکتی ہے۔ استبنول کی ایک عدالت اگلے پندرہ دنوں میں اس بات کا فیصلہ سنائے گی کہ آیا اتیر ایسن پر باضابطہ طور فرد جرم عائد کی جائے یا نہیں۔ اتیر اسین نے ملکی مقابلہ حسن میں حصہ لیا اور اسے ملک کی 2017ء کی ملکہ حسن قرار دیا گیا تھا۔ مگر مقابلے کا اہتمام کرانے والی کمیٹی کو بعد ازاں معلوم ہوا کہ اس نے اپنی ایک سابقہ ’’ٹویٹ‘‘ میں ترکی میں فوج کے ایک گروپ کی صدر طیب اردوگان کا تختہ الٹنے کی سازش کی حمایت کی تھی۔ترک حکام نے اتیر ایسن کی ٹویٹ کوناکام انقلاب کے دوران جاں بحق ہونے والے شہریوں کے خون سے غداری اور ان کی قربانیوں کی توہین قرار دیا ہے۔ اس متنازع ٹویٹ نے نہ صرف اس کا مقامی سطح پر ملکہ حسن کا لقب چھین لیا بلکہ عالمی ملکہ حسن کے مقابلے میں حصہ لینے سے بھی محروم کردیا تھا۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن