• news

کلبھوشن کے معاملے پر بھارتی موقف مسترد‘ پاکستان آج عالمی عدالت میں جواب جمع کرائے گا

اسلام آباد(صباح نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی’’را‘‘ کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو کے معاملے پر تمام متعلقہ اداروں، وزارت خارجہ اور ہیگ میں پاکستان کے سفارتخانے نے مل کرجواب تیار کیا ہے جو آج (بدھ کو) عالمی عدالت انصاف میں جمع کرادیا جائے گا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کر تے ہوئے ڈاکٹر فیصل نے کہا پاکستان کی طرف سے اٹارنی جنرل اوشتر اوصاف سارے معاملہ کی نگرانی کر رہے ہیں۔پاکستان نے اپنے جواب میں بھارت کا موقف مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کلبھوشن نے پاکستان میں دہشت گردی اور تخریب کاری کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے، ایک دہشت گرد کا معاملہ عالمی عدالت انصاف میں نہیں چلایا جاسکتا، اسے پاکستان نے تمام عدالتی کارروائی اور اپنی صفائی کا بھرپورموقع دینے کے بعد سزا سنائی ہے، انسانی بنیادوں پر کلبھوشن کی والدہ اور اہلیہ سے ملاقات کرائی جا رہی ہے۔جواب میں کلبھوشن کے خلاف ثبوت اور تمام تر تفصیلات شامل کی گئی ہیں اور پورے عدالتی طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا ہے جس کے تحت اسے سزا سنائی گئی۔ دفتر خارجہ کی ڈائریکٹر فریحہ بگٹی عالمیی عدالت میں کلبھوشن پر پاکستان کا جواب جمع کرائیں گی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کے مؤقف کو موثر اور جامع انداز میں بیان کیا گیا ہے جواب میں کلبھوشن یادیو کی تخریب کاریوں اور ٹرائل کی تفصیلات شامل ہیں کلبھوشن کیخلاف چارج شیٹ کی تفصیلات بھی جواب میں شامل ہیں پاکستان کے پاس آج جواب داخل کرانے کا آخری دن ہے۔ پاکستان کے جواب کے بعد کلبھوشن کیس کی سماعت کی تاریخ دی جا سکتی ہے عالمی عدالت بھارت کو جواب الجواب کا بھی کہہ سکتی ہے پاکستان کے ایڈہاک جج تصدق حسین جیلانی اگلی سماعت میں بنچ کا حصہ ہوں گے۔ عالمی عدالت کی تاریخ میں تصدق حسین جیلانی دوسرے ایڈہاک اور تیسرے پاکستانی جج ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن