• news

سندھ پولیس کے12 ہزار افسر اور اہلکار جرائم میں ملوث ہیں: سپریم کورٹ میں رپورٹ پیش

کراچی (وقائع نگار) سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جرائم اور قواعدوضوابط کی خلاف ورزی پر پولیس افسروں اور اہلکاروں کے خلاف کارروائی کے معاملے پر سماعت ہوئی۔ ہوم سیکرٹری کی جانب سے رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی جس میں کہا گیا ہے اعلیٰ پولیس افسروں کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کیلئے وفاقی حکومت کو سفارش کر دی گئی ہے۔ کسی سے بھی امتیازی سلوک نہیں برتا گیا‘ تمام اہلکاروں اور افسروں کے خلاف مکمل انکوائری کے بعد کارروائی کی گئی۔ دوسری جانب عدالت میں آئی جی سندھ کی جانب سے بھی معاملہ پر تازہ رپورٹ پیش کی گئی جس میں عدالت کو آگاہ کیا کہ سندھ پولیس کے 12 ہزار افسر و اہلکار مختلف جرائم میں ملوث ہیں۔ رپورٹ میں آئی جی سندھ کی جانب سے گریڈ 17 کے 31 افسران کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی جبکہ گریڈ 18 سے 21 تک کے 35 افسروںکے خلاف بھی کارروائی کی سفارش کی گئی۔ رپورٹ میں عدالت کو آگاہ کیاگیا کہ گریڈ 16 اور اس سے کم کے 184 پولیس افسروں کو سزائیں دیدی گئی ہیں۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر تمام فریقین کو دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے معاملہ پر مزید کارروائی دسمبر کے آخری ہفتہ تک ملتوی کر دی۔ 15 پولیس اہلکاروں کی جانب سے نوکری سے برخاست کرنے کے خلاف درخواستیں بھی دائر کی گئی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن