فنڈنگ کیس: پی ٹی آئی کے وکیل کی غیرحاضری پر چیف الیکشن کمشنر برہم
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار محمد رضا نے پارٹی فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی کے وکیل کی عدم حاضری پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ساڑھے تین سال سے کیس آپ کی وجہ سے زیرالتوا ہے۔ آپ کہتے ہیں تحمل سے سنیں جبکہ الیکشن کمشن نے 16 جنوری کو پی ٹی آئی کے سیکرٹری فنانس کو طلب کر لیا۔ چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی سربراہی میں پی ٹی آئی پاری فنڈنگ کیس کی سماعت میں درخواست گزار اکبر ایس بابر نے الیکشن کمشن سے استدعا کی کہ ساڑھے 3 سال کا عرصہ گزر چکا ہے‘ پی ٹی آئی میں کروڑوں کی فنڈنگ میں خوردبرد ہوئی۔ ہائیکورٹ کے سٹے کا جب تک تحریری آرڈر نہ آئے‘ آپ سماعت جاری رکھیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے پی ٹی آئی کے وکیل ثقلین حیدر پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے اختیارات سماعت کو چیلنج کرکے ڈیڑھ سال ضائع کیا۔ آپ کے بہت مشہور وکیل نے الیکشن کمشن کا دائرہ کار ہی چیلنج کر رکھا ہے۔