قائد اعظم ٹرافی سپر ایٹ مرحلہ : سوئی نادرن گیس ‘واپڈاکی ٹیمیں کامیاب
لاہور (نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام قائد اعظم ٹرافی سپر ایٹ مرحلہ میں سوئی نادرن گیس نے لاہور وائٹس اور واپڈا نے یونائٹیڈ بینک کو شکست دیدی ۔ لاہور وائٹس کو میچ کے آخری دن 161رنز کا ہدف ملا تاہم پوری ٹیم 88رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔ محمد عباس نے پانچ اور عزیز اللہ نے چار کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔محمد عباس نے میچ میں سات جبکہ عزیز اللہ نے نو وکٹیں حاصل کیں ۔ یو بی ایل کو وپڈا کیخلاف 189رنز کا ہدف ملا تاہم ٹیم 131رنز پر آئوٹ ہو گئی ۔ وقاص محمود اور زاہد منصور نے چار چار کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ سپر ایٹ مرحلے کے دو راونڈ مکمل ہو گئے۔ گروپ ون میں سوئی نادرن گیس پائپ لائن ٹیم 12 پوائنٹس کے ساتھ جبکہ گروپ ٹو میں واپڈا ٹیم 16 پوائنٹس کے ساتھ نمبر ون کی پوزیشن سنبھالے ہوئے ہیں۔ سپر ایٹ کے دو مراحل مکمل ہونے کے بعد گروپ ون میں سوئی نادرن گیس پائپ لائن سرفہرست ہے۔ حبیب بنک ٹیم دوسرے، لاہور بلیوز تیسرے جبکہ لاہور وائٹس آخری نمبر پر ہے۔ گروپ ٹو میں واپڈا سرفہرست جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی دوسرے، یو بی ایل تیسرے جبکہ کے آر ایل چوتھے نمبر پر موجود ہے۔