بے نظیر شہید نیشنل ٹینس ٹورنامنٹ 18 دسمبر سے شروع 24 غیر ملکی کھلاڑی شریک ہونگے
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)تیسراشہید بینظیر بھٹوآئی ٹی ایف ٹینس ٹورنامنٹ 18سے24 دسمبر تک سبحان ٹینس کمپلکس اسلام آباد میں کھیلا جائیگا جس میں پاکستانی کھلاڑیوں کے علاوہ 12ممالک کے 24غیر ملکی کھلاڑی بھی اس ٹورنامنٹ میں شرکت کرینگے۔سبحان ٹینس کمپلکس اسلام آباد میںسینیٹر سید تاج حیدر نے سینیٹر فرحت اللہ بابر اورسابق ڈیوس کپ کھلاڑی سبحان احمد کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید بینظیر بھٹوٹینس ٹورنا منٹ کا یہ تیسرا ایڈیشن ہے۔اس ٹورنامنٹ کے انعقاد کے بعد ملک بھر میں ٹینس کے کھیل کو فروغ ملا۔اس ٹورنامنٹ میں 200سے زائد کھلاڑیوں نے اپنی انٹریز جمع کروائی ہیں۔مین ڈرا میں 32 کھلاڑی ہیں جس میں سے 24غیر ملکی کھلاڑی شرکت کرینگے جن کا 12ممالک سے تعلق ہے۔ اس ٹورنامنٹ مینز اور ویمنز ایونٹ کیلئے الگ الگ ٹرافیاں رکھی گئی ہیں ۔انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن اور پاکستان ٹینس فیڈریشن نے اس ٹورنامنٹ کو تسلیم کیا ہے جبکہ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے اس ٹورنامنٹ کی نگرانی کیلئے اپنا ریفری بھی بھجوایا ہے۔ اس ٹورنامنٹ کی انعامی رقم 15ہزار ڈالر ہے جبکہ حکومت سندھ نے اس ٹورنامنٹ کے انعقاد کیلئے 37لاکھ روپے کے فنڈز دیئے ہیں۔