• news

کراچی : بھتہ نہ دینے پر 2 گروپوں میں تصادم، گینگ وار کے کارندے سمیت 2 افراد ہلاک

کراچی (کرائم رپورٹر) لیاری کے علاقے بغدادی میں فائرنگ سے 2 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔ واقعہ منگل کی شام علی ہوٹل کے نزدیک پیش آیا جس کے بعد دونوں مقتولین کی نعشوں اور زخمیوں جن میںخواتین بھی شامل ہیں کو سول ہسپتال پہنچایا گیا۔ پولیس کے مطابق مقتولین میں سے ایک رئیس خان مقامی بلڈر روزی خان کا بیٹا ہے، دوسرے مقتول کی شناخت لیاری گینگ وار کے کارندے گوگی داد کے نام سے ہوئی۔ زخمیوں میں روبینہ‘ بوبی صالح محمد‘ خان محمد اور فضہ شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے لیاری گینگ وار کے کارندوں نے گزشتہ دنوں بلڈر روزی خان سے بھتہ طلب کیا تھا اور بھتہ نہ دینے پر گینگ وار کے کارندوں نے روزی خان کے بیٹے رئیس خان پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہوا۔ جوابی فائرنگ سے گینگ وار کا ایک کارندہ گوگی داد بھی مارا گیا۔ ایک کارندہ خان محمد عرف خانو زخمی ہوا، فائرنگ کی زد میں آکر 2 خواتین سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔ واقعہ کے بعد پولیس موقع پر پہنچی، جائے وقوعہ سے شہادتیں اکٹھی کیں۔ دریں اثناء لیاری بغدادی کے علاقہ میں ہوٹل پر فائرنگ کے واقع کی وزیر داخلہ سندھ نے ڈی آئی جی سائوتھ سے رپورٹ طلب کرلی۔ فائرنگ میں ملوث عناصر کو جلد گرفتار کرنے کا حکم دیدیا۔ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے مجموعی اقدامات کو مزید سخت کیا جائے۔ علاقہ میں ناکہ بندی اور اسٹیپ چیکنگ کو مربوط اور موثر بنایا جائے۔ مزید برآں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے لیاری کے علاقے بغدادی میں نامعلوم ملزمان کی ہوٹل پر مبینہ فائرنگ کا نوٹس لیتے ایس ایس پی سٹی سے تفصیلی انکوائری پر مشتمل رپورٹ فوری طور پر طلب کرلی۔ادھر لیاری میں غریب شاہ مزار کے قریب ہینڈ گرنیڈ اور دستی بم کے دھماکے سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

ای پیپر-دی نیشن