حلقہ بندیاں‘ وفاق اور سندھ میں اہم رابطہ‘ وزیراعلیٰ سندھ قیادت سے بات کرکے جواب دیں گے
اسلام آباد (صباح نیوز) حلقہ بندیوں کیلئے آئینی ترمیم کے معاملے پر سینٹ‘ وفاق اور سندھ کے درمیان گزشتہ روز اہم رابطہ ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پارٹی مؤقف کا اعادہ کیا ہے جبکہ تحفظات دور نہ ہونے کی وجہ سے سینٹ میں پیپلزپارٹی کی پارلیمانی جماعت ڈٹ گئی اور 12 نکاتی ایجنڈے سے پیچھے ہٹنے سے انکار کر دیا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت ایک انتہائی اعلیٰ شخصیت نے حلقہ بندیوں کی آئینی ترمیم کے معاملے پر گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ سے رابطہ کیا اور ان سے آئینی ترمیم کی منظوری کیلئے کردار ادا کرنے کو کہا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ اس بارے میں پارٹی قیادت سے رابطہ کرکے وفاق کو اپنے مؤقف سے آگاہ کریں گے۔ کوئی پیش رفت نہ ہونے پر پیپلزپارٹی کی پارلیمانی جماعت ڈٹ گئی ہے۔ مطالبات میں ڈیموگرافک قومی کمشن کے قیام کا مطالبہ سرفہرست ہے۔