سراج الحق سے ملاقات: قبل از وقت الیکشن نہ ہو ئے تو خانہ جنگی ہو سکتی ہے: عمران
کراچی+ اسلام آباد (کامرس رپورٹر + ایجنسیاں + وقائع نگار خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے چئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی تحریک انصاف کا شہر ہے۔ کراچی کے مسائل کی دو وجوہات ہیں ایک یہ کہ آپ کے ٹیکس کا پیسہ آپ پر نہیں لگایا جا رہا ہے اور ترقیاتی فنڈز کا سارا پیسہ چوری ہو کر منی لانڈرنگ کے ذریعے دبئی منتقل کیا جا رہا ہے۔ آئندہ الیکشن میں پا کستان تحریک انصاف پورے ملک سے کامیاب ہو کر کرپشن کے خاتمے اور مسائل کے حل کے لئے کراچی میں بہترین نیا بلدیاتی نظام نافذ کرے گی۔ ہم نے کے پی کے سے جو کچھ سیکھا ہے اسے پورے ملک میں لائیں گے۔ یہ باتیں انہوں نے ضلع ملیر کے علاقے قائد آباد میں ممبر سازی مہم کے افتتاح کے موقع پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ عمران خان نے مزید کہا کہ ہم ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لئے جہاد کر رہے ہیں انشاء اللہ اسے ختم کرکے دم لیں گے۔ کرپشن کی وجہ سے سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں، پانی، صفائی ستھرائی اور دیگر مسائل کا سامنا ہے۔ کراچی کا موجودہ بلدیاتی نظام درست نہیں ہے۔ ہم ایسا بلدیاتی نظام نافذ کریں گے جس میں میئر، ڈپٹی میئر اور ضلعی چیئرمین کا انتخاب عوام براہ راست کریں گے۔ علاوہ ازیں کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈرز اینڈ انڈسٹری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ہے کہ کوئی بھی ملک تب تک ترق ینہیں کر سکتا جب ک وہ اپنے صنعتکار، بزنس کمیونٹی اور تاجر برادری کو ساتھ لے کر نہ چلے ملک کے معاشی حالات اس وقت بہت خراب ہیں۔ ملک کے کسی بھی کونے میں چلے جائیں ہر جگہ سب سے بڑا مسئلہ بے روزگاری ہے۔ مہاتر محمد اور طیب اردگان اپنے اپنے ملک خوشحالی لانے کے لئے ایک بہت بڑی معاشی ترقی پر توجہ دی۔ میں نے مہاتر محمد اور طیب اردگان سے ملاقات کرکے ان سے ترقی کے حوالے سے معلومات لیں۔ مہاتر محمد نے کہا کہ کرپشن کی وجہ سے ملک زوال پذیر ہوتا ہے تحریک انصاف اقتدار میں آ کر صنعتکاروں اور تاجروں کو بہتر سہولتیں فراہم کرے گی۔ چیئرمین عمران خاننے مزید کہا کہ ترقی میں ہم سے پیچھے ممالک اب ہم سے بہت آگے نکل چکے ہیں۔ ہم مافیائوں سے مقابلہ کر رہے ہیں۔ حکمرانوں کی کرپشن اور سیاسی مداخلت نے ملک کے سارے ادارے تباہ کر دیئے ہیں۔ نیب کے مطابق چار ہزار ارب کی کرپشن ہے۔ اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان سے دس ارب ڈالر کی سالانہ منی لانڈرنگ کی جا رہی ہے۔ ملک میں انرجی کا بحران شدت اختیار کر چکا ہے ہم نے 300 ہائیڈرل پلانٹ لگائے جس سے کم قیمت میں بجلی کے پی کے میں مل رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے، کراچی کو کوئی اون نہیں کرتا۔ کراچی کی ترقی ملک کی ترقی سے مشروط ہے۔ کراچی شہر کو ترقی دینی ہے تو سب سے پہلے انتخابی اصلاحات ضروری ہیں۔ جس میں میئر ڈپٹی میئر کا انتخاب براہ راست ہونا چاہئے۔ شہر کے بنیادی مسائل حل کرنا میئر کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ ہم کراچی کی لوکل گورنمنٹ کا نظام بہتر بنائیں گے۔ عمران خان نے کہا کسی دور میں کراچی روشنیوں کا شہر تھا، جو پیسہ کراچی کے عوام پر خرچ ہونا چاہئے وہ چوری ہو جاتا ہے۔ اقتدار میں آ کر سب سے پہلے بڑے ڈاکوئوں کو پکڑیں گے۔ وزراء کو نواز شریف کی 300 ارب روپے کی چوری کا پتہ ہے۔جب وزیراعظم چوری کرے تو وہ کسی کو نہیں روک سکتا۔ تحریک انصاف ملک میں نیا نظام لائے گی۔ نیب ، ایف بی آر اور بلدیاتی نظام کو مضبوط بنائیں گے۔ علاوہ ازیں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ہے کہ فاٹا میں دہشت گردی کی وجہ سے خلا پیدا ہوا جسے پر کرنے کے لیے اسے فوری طور پر خیبرپختونخوا میں ضم کیا جائے۔ مولانا فضل الرحمان کے دبا ئومیں حکومت اس معاملے کو 2022 تک لیکر جانا چاہتی ہے نجفی کی رپورٹ میں وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ اور وزیراعلی پنجاب شہباز شریف پر الزام عائد کیا گیا ہے۔ ماڈل ٹان واقعے میں 14 افراد کو پولیس کے ذریعے مارا گیا جبکہ 100 کو گولیاں لگیں ختم نبوت کا مسئلہ ابھی ختم نہیں ہوا، سب پوچھ رہے ہیں کہ کیا ضرورت تھی خفیہ تبدیلی کی تاہم اس کے باوجود یہ پکڑے گئے ظفر الحق کی رپورٹ کا پوری قوم انتظار کررہی ہے۔ ظفر الحق کمیٹی کی رپورٹ نہ دی گئی تو معاملہ آگے بڑھے گا۔ عمران خان نے ایک مرتبہ پھر حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک میں معاشی بحران اور دھرنوں سمیت دیگر مسائل کا حل قبل از وقت انتخابات ہیں۔ قبل از وقت الیکشن نہ ہوئے تو ملک میں خانہ جنگی کا خدشہ ہے۔ قبل از وقت الیکشن کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے یہ غیر جمہوری نہیں وقت کی ضرورت ہے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان ترقی تب کرے گا جب کراچی ترقی کرے گا۔ نواز شریف کیخلاف جنگ کی وجہ سے کراچی پر توجہ نہیں دے سکا۔ عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب شہباز شریف او آئی سی سربراہ اجلاس میں کیا کر رہے ہیں؟ باقی صوبوں کے وزراء اعلی کو ساتھ کیوں نہیں لے جایا گیا۔ وزیراعظم نے ثابت کر دیا وہ شریف مافیا کٹھ پتلی کے سوا کچھ نہیں چھوٹے صوبوں کے ساتھ امتیازی سلوک شرمناک ہے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار اور نواز شریف نے معیشت تباہ کر دی ہے وزراء کا کام شریف خاندان کی کرپشن بچانا ہے، لوگ ہماری فوج کو کمزور کرنے کی سازش میں آلہ کار نہ بنیں، دنیا امریکہ اور اسرائیل کے خلاف کھڑی ہو گی۔ مزید برآں امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے درمیان گزشتہ روز بینظیر انٹرنیشنل ائر پورٹ اسلام آباد پر اچانک ملاقات ہوئی ملاقات میں فاٹا کے خیبر پی کے میں انضمام اور دیگر سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔