حلقہ بندیوں کے بل سے متعلق پیپلزپارٹی کی تجاویز مسترد نہیں کی گئیں: مریم اورنگزیب
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے حلقہ بندیوں سے متعلق پیپلز پارٹی کی جانب سے پیش کردہ 11تجاویزکووزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے مسترد کیے جانے سے متعلق خبروں کی سختی سے تردید کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں وزیر مملکت نے بعض اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں کو حقائق کے برعکس قرار دیتے ہوئے کہا کہ حلقہ بندیوں پر قانون سازی ایک اہم آئینی اور جمہوری تقاضا ہے اور حکومتی آئینی، پارلیمانی اور جمہوری روایات کے مطابق اس معاملے پر پیشرفت کے لیے کاربند ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں تمام صوبوں نے حلقہ بندیوں اور اس سے متعلق دیگر امور پر تفصیلی غور و خوض کے بعد متفقہ فیصلے کیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مشاورت کے جمہوری اصول پر یقین رکھتی ہے اور پارلیمان میں موجود تمام فریقین کی تجاویز کو احترام کی نظر سے دیکھتی ہے۔