سٹریٹ کریمنلز کیخلاف دہشت گردی کے مقدمات ہونے چاہئیں: ڈی جی رینجرز سندھ
کراچی(صباح نیوز + نوائے وقت رپورٹ) ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف کسی قوت کو برداشت نہیں کریں گے جبکہ جن کا نام کراچی میں خوف کی علامت تھا ان کیلئے کسی قسم کی معافی نہیں ہوگی۔ رواں سال میں دہشت گردی کا کوئی واقعہ نہیں ہوا۔ سینئر صحافیوں سے بات کرتے ڈی جی رینجرز نے کہا کہ کراچی آپریشن کے 4 برس میں جرائم میں نمایاں کمی آئی، 2013 سے قبل شہر میں یومیہ 8 سے10 کروڑ بھتہ مانگا جاتا تھا تاہم اب یہ شرح انتہائی کم ہے۔ امن وامان کی صورتحال میں بہتری آئی، رواں سال دہشت گردی کا کوئی واقعہ نہیں ہوا، ٹارگٹ کلنگ میں 45 افراد جاں بحق ہوئے، 15 واقعات میں انصار الشریعہ ملوث تھی۔ڈی جی رینجرز کا کہنا تھا کہ 2013 میں کراچی کرائم انڈیکس میں چھٹے نمبر پر تھااب 52 پر ہے۔ گرفتار سٹریٹ کریمنلزاور ڈاکوئوں پر دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات چلانے کی تجویز بھی پیش کی ہے۔ ڈی جی رینجرز نے کہا ہے کہ کوئی ٹارگٹ کلر ونگ نہیں بننے دیں گے، سوچ پر پہرہ نہیں لگتا لیکن ہتھیار اٹھانے نہیں دیں گے۔ کسی سیاسی جماعت میں ٹارگٹ کلرز کی تنظیم بننے نہیں دینگے۔ میجر جنرل محمد سعید نے کہا ہے کہ شہر میں امن کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔ کراچی آپریشن منطقی انجام تک جاری رہے گا۔ میجر جنرل محمد سعید نے کہا ہے کہ سٹریٹ کریمنلز اور ڈاکوئوں کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت دہشت گردوں کی طرح مقدمات بنانے چاہئے۔