• news

ژوب، سوئی: سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 10 بم ناکارہ بنا دیئے، غیر قانونی اسلحہ ڈیلر گرفتار

ژوب، پشاور (آئی این پی + نوائے وقت رپورٹ+ بیورو رپورٹ) سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیاد پر ژوب میں کارروائی کرتے ہوئے پل کے نیچے نصب کئے گئے 10 بم ناکارہ بنا دیئے۔ سکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے کارروائی کرکے کوئٹہ قومی شاہراہ پر سواڑہ پل کے نیچے نصب کئے گئے 10آئی ای ڈیز بم برآمد کرکے دہشت گردی کی کوشش ناکام بنا دی۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بم سکیورٹی فورسزکے قافلے کو نشانہ بنانے کے لئے نصب کئے گئے تھے جنہیں ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔علاوہ ازیں سوئی میں ایف سی نے غیر قانونی اسلحہ ڈیلر کو گرفتار کرکے دھماکہ خیز مواد، ڈیٹونیٹرز، ہتھیار اور بارود برآمد کر لیا۔ پولیس نے ملتان میں سرچ آپریشن کے دوران 40 سے زائد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان میں منشیات فروش، ون ویلنگ اور دیگر وارداتوں میں ملوث ہیں۔ گرفتار ملزمان سے منشیات اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔پشاور میں کارروائی کے دوران 2 دہشت گرد بارودی مواد سمیت گرفتار کرلئے گئے۔ دہشت گرد بارودی مواد نوشہرہ سے پشاور منتقل کررہے تھے کہ قاضی کلے کے قریب دھر لئے گئے۔ ملزموں میں ذبیح اللہ او ررحیم اللہ شامل ہیں جن کے قبضے سے 3 کلو وزنی دیسی ساختہ بم بھی برآمد ہوا جسے ناکارہ بنا دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن