• news

نواز شریف اپنے پائوں پر کلہاڑی مارنے کے ماہر ہیں: پرویز مشرف

دبئی (نوائے وقت رپورٹ) سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ شریف برادران ملک کو ٹھیک نہیں چلاتے، نواز شریف اپنے پائوں پر کلہاڑی مارنے کے ماہر ہیں، کارگل کی حقیقت چودھری شجاعت حسین اور راجہ ظفرالحق بتا سکتے ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے کارگل معاملے پر فوج کی بے عزتی کرائی، لوٹ مار کے بعد نواز شریف کہتے ہیں ’’مجھے کیوں نکالا‘‘ ملک میں ہر لحاظ سے جمہوریت ہونی چاہئے، میرے خلاف تمام جعلی کیسز بنائے گئے۔ میں نے نواز شریف کی طرح ملک کو نہیں لوٹا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے کرپشن کی، اب ٹرائل کا سامنا کریں، وہ اختیارات کا غلط استعمال کرتے رہے۔ شریف برادران نے ملک کو نقصان پہنچایا، نواز شریف عہدہ دیکر غلام بناتے ہیں، نواز شریف کا دوسرا ڈائیلاگ تھا ’’تمہیں کیا ہے؟‘‘ وزراء جھوٹ بول کر عوام کو دھوکہ دیتے ہیں۔ ماڈل ٹائون میں بیریئر حکومت نے ہی لگائے تھے۔ بیریئر ہٹانے کا فیصلہ حکومت نے خود کیا۔ انہوں نے لوگوں کو اکسایا اور پھر فائرنگ کردی۔ ماڈل ٹائون رپورٹ میں جو بھی نامزد ہے اسے سزا ملنی چاہئے۔ جمہوریت میں چیک اینڈ بیلنس ہونا چاہئے۔

ای پیپر-دی نیشن