• news

پہلی بار افغان فوجی خواتین کی بھارت میں تربیت شروع

واشنگٹن+ کابل(صباح نیوز)افغان خواتین پر مشتمل ایک فوجی دستہ پہلی دفعہ بھارت بھیجا گیا ہے، جہاں بھارتی فوج تامل ناڈو کی ایک فوجی اکیڈمی میں انہیں تربیت دے رہی ہے۔ اس سے پہلے ہزاروں کی تعداد میں افغان مرد فوجی بھارت میں تربیت حاصل کر چکے ہیں۔ تاہم، بھارت پہلی بار افغانستان کی خواتین فوجیوں کو تربیت دے رہا ہے۔ اس دستے میں18 بری، تین فضائی فوجی خواتین کے علاوہ وہ خواتین بھی شامل ہیں جو افغانستان کی سپیشل فورسز، وزارت دفاع کے اداروں، تعلقات عامہ، مالی اور قانونی امور سے منسلک ہیں۔ افغان وزارت دفاع کے ترجمان دولت وزیری نے امریکی نشریاتی ادارے کو بتایا ہے کہ کل 35 افغان فوجی خواتین تین ہفتوں پر محیط اس تربیتی کورس میں حصہ لے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ خواتین انگریزی زبان سیکھنے اور کمپیوٹر کورسز میں بھی حصہ لیں گی۔ سابق افغان وزیر مزمل شنواری نے انٹرویو میں بتایا کہ بھارت طالبان کی حکومت گرنے کے بعد سویلین سطح پر افغان حکومت کی مدد کر چکا ہے اور دو بلین ڈالرز سے زیادہ افغانستان کو دے چکا ہے۔ افغانستان اور بھارت کے مابین بڑھتے ہوئے تعاون پر پاکستان کئی بار تحفظات کا اظہار کر چکا ہے۔ پاکستان کا کہنا ہے کہ بھارت افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے۔ افغانستان کی وزارت دفاع کے مطابق افغان فوج میں خواتین کی مجموعی تعداد دس فیصد ہے۔

ای پیپر-دی نیشن