• news

تحفظ قبلہ اول کیلئے مسلم ممالک باہمی اختلافات ترک کر دیں: حافظ سعید

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت قرار دیکر دہشت گرد اسرائیل کو مظلوم فلسطینی مسلمانوں پر مظالم کیلئے مزید شہہ دی گئی۔ مسلمان ملک امریکہ سے سفارتی تعلقات ختم کریں‘ القدس پر اسرائیلی قبضہ ناقابل برداشت ہے۔ مسلم حکمرانوں کو جرأتمندانہ اقدامات کرنا ہوں گے۔ آج اسلام آباد میں دفاع پاکستان کونسل کی اہم کل جماعتی کانفرنس ہو گی۔ مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت قرار دینے کے حوالہ سے مضبوط لائحہ عمل ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔ پوری مسلم امہ مظلوم فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ ہے۔ او آئی سی سمیت تمام بین الاقوامی فورمز پر اسرائیلی ظلم و بربریت کیخلاف بھرپور آواز بلند کی جانی چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت قرار دینے کیخلاف پوری مسلم دنیا متحد ہو جائے۔ تحفظ قبلہ اول کیلئے مسلم ممالک باہمی اختلافات ترک کردیں۔ صیہونی و یہودی سازشیں ناکام بنانے کیلئے مسلمان ملکوں کو ایک ہوکر بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ مقبوضہ بیت المقدس کے تحفظ کیلئے مسلمانوں کا بچہ بچہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کیلئے تیار ہے۔حافظ محمد سعید نے کہاکہ بیت المقدس کو اس طرح آزاد کروانا چاہئے جس طرح حضرت عمررضی اللہ عنہ نے کروا یا تھا۔ جس دن مسجد اقصیٰ محفوظ ہو گئی اس دن مسلمان ملک بھی محفوظ ہو جائیں گے اور اسلام دنیا میں بہت بڑی قوت بن کر ابھرے گا۔ پاکستان عالم اسلام کا دفاع اور ایٹمی قوت ہے۔ انہوںنے کہاکہ یہودیوں کی جانب سے آج یہ باتیں بھی کی جا رہی ہیں کہ مدینہ منورہ بھی ان کا ہے۔ تل ابیب میں جو نقشہ لگایا گیا ہے اس میں مدینہ کو یہودیوں کی ریاست دکھایا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 17دسمبر کو مال روڈ پر دفاع پاکستان کونسل کے زیر اہتمام بڑی تحفظ بیت المقدس کانفرنس ہو گی جس میں شہر اور گردونواح سے ہزاروں افراد شریک ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن