آمریت کی گود میں بیٹھنے والے کس منہ سے پیپلز پارٹی کو طعنے دے رہے ہیں: کائرہ
لاہور (خبر نگار) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا حکومت کا افلاطون وزیر داخلہ ساری زندگی آمریت کی گود میں بیٹھا رہا ہے آج کس منہ سے پیپلزپارٹی کو طعنے دے رہے ہیں؟ سانحہ ماڈل ٹائون پر میاں شہبازشریف اور رانا ثناء اللہ کے استعفیٰ کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں، گزشتہ روز پیپلز پارٹی پنجاب ایگزیکٹو کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے قمر زمان کائرہ نے کہاکہ نواز شریف کو ملک کی سب سے بڑی عدالت ڈاکو قرار دے چکی، ہم الیکشن کو تاخیر کا شکار ہونے دیں گے نہ ہی ملک میں جمہوریت کی گاڑی کو پٹڑی سے اترنے دیں گے۔ پیپلز پارٹی کل پندرہ دسمبر کو ملتان میں بڑا جلسہ کرے گی، پنجاب میں مزید جلسے کریں گے۔ فلسطینیوں کے ساتھ مظالم کی پوری تاریخ ہے، امریکی صدر ٹرمپ کے اقدام سے دنیا کا امن خراب ہوسکتا ہے اس لئے امریکی صدر اپنا یہ فیصلہ فوری طور پر واپس لیں۔ کسان دو تین سال سے سرِاپا احتجاج ہیں، گنے کے کاشت کار اپنی فصلوں کو آگ لگا رہے ہیں، ہم مل مافیا کی مذمت کرتے ہیںکہ پنجاب حکومت کسانوں سے طے شدہ نرخ کے مطابق گنا خریدے۔ وزیرخزانہ اسحق ڈار پر تنقید کرتے ہوئے قمر زمان نے کہا مثبت اعشاریوں کی نوید سنانے والوں کو دل کا عارضہ لاحق ہو گیا، پاکستان کی کرنسی کی قیمت مسلسل کم ہوئی ہے، درآمدات اور برآمدات کا فرق بڑھتا جا رہا ہے ، حکومت نے ڈالر کو مصنوعی سہارا دے رکھا تھا، مہنگائی کی نئی لہر کا حکومت کیا علاج کرے گی؟ آصف علی زردای نے ملک میں معاشی ایمرجنسی لگانے کی تجویز دی تھی کہ پاکستان کے قرضے آسمان پر پہنچ گئے ہیں، ڈاکٹرطاہر القادری نے اگر غیر آئینی اقدام کیا تو پیپلزپارٹی ان کا ساتھ نہیں دے گی، ہم طاہر القادری کے ساتھ ہیں کسی کو درد ہوتا ہے تو ہو ہمیں بھی ہوتا ہے۔ شہباز شریف کے استعفیٰ کے عوامی تحریک کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں۔ سانحہ ماڈل ٹائون پر رانا ثناء اللہ کے استعفیٰ کی بھی حمایت کرتے ہیں۔