• news

سی پیک کا روڈ نیٹ ورک جلد مکمل ہو جائیگا: ممنون حسین

اسلام آباد (صباح نیوز) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کا روڈ نیٹ ورک جلد مکمل ہو جائے جو دنیا کے مختلف خطوں کو باہم ملادے گی۔ گوادر پورٹ پر مستقبل قریب میں بھرپور سرگرمیاں بھی شروع ہو جائیں گی جو اس خطے کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کریں گی۔ صدر ممنون حسین نے یہ بات پاک چائنا جوائنٹ چیمبر آف کامرس کے وفد سے ملاقات کے موقع پر کہی۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ دونوں ملک حقیقی اور پرخلوص دوست ہیں، خطے کی ترقی اور خوشحالی کے ضمن میں ان کے خیالات یکساں ہیں اور وہ دیگر معاملات میں بھی بین الاقوامی فورموں پر ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور تعاون کرتے ہیں۔ پاکستان چین دوستی نسل در نسل جاری رہے گی۔ پاکستان میں چینی باشندوں کی حفاظت کے لیے خصوصی سکیورٹی ڈویژن کام کر رہاہے۔وفد نے حکومت پاکستان کی طرف سے چینی باشندوں کو مہیا کردہ سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا ۔انھوں نے صدر مملکت کو بتایا کہ مستقبل میں دونوں ملکوں کے درمیان مزید مشترکہ منصوبے شروع کئے جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن