خطرات ہمیشہ رہتے ہیں حکومت مدت پوری کریگی :شاہد خاقان : ملک پھر بد حالی کی طرف بڑھنا شروع ہوگیا ہے:نواز شریف
لندن/اسلام آباد (عارف چودھری +نمائندہ خصوصی+ نیوز ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عام انتخابات جولائی 2018ء کو ہی ہوں گے، اسمبلیوں کی مدت مکمل نہ کرنے کی بات ایاز صادق کی ذاتی رائے ہے۔ آئندہ انتخابات میں بھی مسلم لیگ ن کامیاب ہوگی، سیاست میں اتار چڑھائو آتا رہتا ہے لیکن حکومت مدت پوری کرے گی۔ سپیکر قومی اسمبلی کو کوئی تحفظات ہیں تو دور کروں گا۔ وہ سابق وزیراعظم سے ملاقات سے پہلے میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جب سے پاکستان بنا ہے، خطرات ہیں۔ لندن میں ایک اجلاس تھا نواز شریف سے بھی ملنے آگئے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی طرف سے عوام کے ساتھ کئے گئے وعدے تقریباً پورے کردیئے۔ دریں اثناء مسلم لیگ (ن)کے صدر، سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف سے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، سابق وزیر اعظم کے خلاف نیب ریفرنسز، سینٹ اور عام انتخابات سمیت مختلف امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ حسن نواز کے آفس میں ہونے والی ملاقات میں مریم نواز اور حسن نواز بھی موجود تھے۔ ملاقات سے قبل ایک صحافی نے میاں نوازشریف سے سوال کیا کہ کوئی اہم فیصلہ متوقع ہے؟ جس پر نوازشریف مسکرا دیئے اور جواب دیئے بغیرچلے گئے۔ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت قرار دینے کے مسئلے پر وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس پر پاکستان نے او آئی سی اور دنیا کے سامنے واضح موقف پیش کیا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہمارا کام مسئلے کو دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے، اسلامی دنیا نے ایک واضح موقف لیا ہے، امید ہے امریکہ ضرور کچھ سوچے گا۔ جب سے پاکستان بنا ہے جمہوریت کو خطرات ہیں لیکن فکر نہ کریں۔ اس دوران خواجہ آصف سے سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ حکومت مدت پوری کرے گی، الیکشن جیت کر مسلم لیگ ن دوبارہ حکومت بنائے گی۔ لیگی ارکان کے استعفوں کے سوال پر وزیر خارجہ نے کہا کہ ابھی تک سپیکر کے پاس کوئی استعفیٰ نہیں پہنچا۔ ایک سوال پر وزیر خارجہ نے کہا کہ الیکشن مہم اگلے ماہ شروع ہو جائیگی۔ آن لائن کے مطابق مسلم لیگ ن کے لندن میں ہونیوالے اعلیٰ سطحی اجلاس میں قبل از وقت انتخابات کے امکان کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا گیا اور کہا گیا کہ حکومت آئینی مدت پوری کرے گی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی آج آزادکشمیر میں پترنڈ ہائیڈرو الیکٹرک منصوبے کا افتتاح کرینگے۔ یہ منصوبہ 150 میگاواٹ بجلی پیدا کرے گا اور آج سے نیشنل گرڈ میں بجلی دے گا۔ جمعہ کی صبح پارلیمانی رہنماؤں کے ساتھ ناشتہ اور تبادلہ خیالات کے بعد آزادکشمیر چلے جائیں گے۔
وزیراعظم
لندن (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) سابق وزیراعظم نواز شریف نے لندن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک ترقی کی ڈگر پر چل رہا تھا۔ آگے بڑھ رہا تھا۔ 28 جولائی جیسے فیصلے قوموں کے لیے انتشار کا باعث بنتے ہیں۔ پاکستان کے موجودہ حالات خوش کن نہیں۔ ملک پھر بدحالی کی طرف بڑھنا شروع ہو گیا۔ 4 سال میں لوڈ شیڈنگ کو ختم کیا آج بجلی طلب سے زیادہ ہے۔ ہم نے دہشت گردی کو بھی کافی حد تک کم کر دیا تھا۔ دہشت گردی نے پھر سر اٹھانا شروع کر دیا ہے۔ سٹاک ایکسچینج 54 ہزار سے 37 ہزار انڈیکس پر آ گیا۔ یہ معاشی اعشاریے بہت اہم ہیں۔ یقیناً بہت افسوناک صورتحال ہے، سب جانتے ہیں پچھلے چار مہینے جس طرح سے گزرے ہیں۔ سی پیک کے منصوبے اس رفتار سے آگے نہیں بڑھ رہے جیسی توقع تھی۔ مخصوص فیصلے سیاسی عدم استحکام اور اقتصادی بحران کا باعث بنتے ہیں پاکستان ایک ناساز گار مرحلہ سے گزر رہا ہے اور اس قسم کے مرحلہ کسی بھی صورت قوم کے مفاد میں نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہر طرف رکاوٹیں ہیں اور ملک ایک بار پھر عدم استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے جو ملکی اقتصادی انڈیکیٹرز اور سٹاک مارکیٹ سے صاف ظاہر ہو رہا ہے۔