عمران چلا ہواکارتوس , نواز شریف انتشار پھیلانا چھوڑدیں :بلاول
لاہور+ اسلام آباد (خبر نگار + وقائع نگار+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ اسلام آباد جلسے نے مخالفوں کے منہ بند کر دئیے، وسطی پنجاب میں جلد بڑا جلسہ کریں گے، چنیوٹ سے جس رابطہ عوام مہم کا آغاز ہوا اسے شہر شہر لے جائیں گے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے زیر صدارت پیپلز پارٹی پنجاب کا اہم اجلاس ہوا جس میں پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات و نشریات چوہدری منظوراحمد، چوہدری اسلم گل، صدر لاہور حاجی عزیز الرحمن چن اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ اس موقع پر بلاول بھٹو نے اعلان کیا کہ مارچ کے مہینے میں لاہور میں بڑا جلسہ کیاجائیگا۔ بلاول بھٹو نے اسلام آباد کے کامیاب جلسے پر رہنمائوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ جلسوں میں عوام کی بھر پور شرکت پنجاب میں پیپلز پارٹی کی مقبولیت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے صوبائی تنظیم کو جلد فیصلہ کرنے کی ہدایت کی کہ وسطی پنجاب کا پہلا جلسہ کب اور کہاں ہو گا؟ اجلاس کے دوران وسطی پنجاب میں جلسوں کی حتمی منظوری دی گئی۔ بلاول بھٹو نے پنجاب میں فوری تنظیم سازی مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں پیر احمد عمران نقشبندی نے بلاول بھٹو سے ملاقات کی۔ اس موقع پر بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت فوری طور پر فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کے لئے فاٹا اصلاحات کا بل اسمبلی میں لاکر اپنا آئینی کردار ادا کرے وگرنہ حکومت کے لئے مزید مشکلات میں اضافہ ہوگا۔ حکومت کی فاٹا اصلاحات بل پر غیر سنجیدگی سیاسی جماعتوں اور پارلیمنٹ کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ لینڈ مافیا اور ان کے سہولت کار آئین، قوم اور ریاست کے مجرم ہیں ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اوروں کے خلاف نہیں سازشیں تو ہمارے خلاف ہوئی ہیں ہمیں دیوار سے لگانے کیلئے اقدامات کئے گئے۔ مجھے کیوں نکالا پوچھنے کے بجائے نواز شریف جمہوریت کے تسلسل کو قائم رکھنے پر توجہ دیں اور عدلیہ فیصلوں کو قبول کرکے عوام میں انتشار پھیلا کر آئین کی بے حرمتی کرنا چھوڑ دیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان غیر سنجیدہ شخص ہیں انہیں سیاسی تربیت کی ضرورت ہے وہ چلاہوا کارتوس ہیں۔ عمران خان پاکستان کو کمزور کرنے کے درپے ہیں۔ 15 دسمبر کو ملتان میں پیپلزپارٹی کا تاریخی جلسہ ہو گا۔ دریں اثناء پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمرزمان کائرہ نے کہا ہے کہ حکمران جماعت مزدوروں اور کسانوں سے عناد رکھتی ہے۔ ہم مزدور، کسان دشمن ایجنڈا پورا نہیں ہونے دیں گے، مزدور کے حالات بہتر کئے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ قمر زمان کائرہ کے زیر صدارت پنجاب لیبر ونگ کی تنظیم نو کے حوالے سے خصوصی مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں نئے عہدیداروں کی نامزدگیاں بھی عمل میں لائی گئیں۔ملتان سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف زرداری ملتان میں جلسہ کیلئے آج بذریعہ خصوصی طیارہ ملتان پہنچیں گے۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔ ایئر پورٹ پر سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر پارٹی قائدین انکا استقبال کرینگے۔ ذرائع کے مطابق پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ملتان میں دو یوم کیلئے قیام کا بھی امکان ہے۔