• news

کوئی پلان نہیں بن رہا، جب چاہوں گا زرداری، عمران کو دائیں بائیں بٹھا کر دکھا دوں گا: طاہر القادری

لاہور(خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام آل پاکستان وکلاء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا مظلوموں کی جنگ میں پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف میرے دائیں بائیں بیٹھیں گی، جماعت اسلامی، مسلم لیگ، مجلس وحدت المسلمین اور دیگر جماعتیں بھی ہمراہ ہونگی۔ وکلاء کی حمایت پر ان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا سپیکر قومی اسمبلی کہتے ہیں کوئی پلان بن رہا ہے۔ کوئی پلان نہیں بن رہا انسانیت کے قتل عام پر اشرافیہ کا قدرت کی طرف سے گریٹر انتقام شروع ہے۔ پہلے بھی دو دھرنے دئیے، تیسرے دھرنے کی نوبت آئی تو یہ فیصلہ کن ہو گا۔ جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ کے ہر صفحہ پر قاتلوں کے نام درج ہیں۔ آل پاکستان وکلاء کنونشن میں شہدائے ماڈل ٹائون کے انصاف کیلئے پانچ نکاتی مطالبات پر مبنی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔ قرارداد سینئر وکیل رائے بشیر احمد نے پیش کی۔ قرارداد کے مطابق آل پاکستان وکلاء کنونشن مطالبہ کرتا ہے جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ میں شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ کو قتل عام کا براہ راست ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے لہٰذا یہ دونوں فوری طور پر سٹیپ ڈاؤن کریں اور خود کو قانون کے حوالے کریں۔ سانحہ ماڈل ٹائون کے قتل عام کی منصوبہ بندی، حکم اور اس کی تعمیل میں ملوث پولیس افسران اور بیوروکریٹس کو مقدمہ کے فیصلہ تک عہدوں سے برطرف کیا جائے اور انہیں قانون کے حوالے کیا جائے۔ سانحہ میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کر کے جیل بھیجا جائے۔ پانامہ طرز پر غیر جانبدار اور بااختیار جے آئی ٹی بنائی جائے تاکہ اس کی از سر نو تفتیش ہو سکے، اس جے آئی ٹی کی مانیٹرنگ سپریم کورٹ یا ہائیکورٹ کے معزز جج کریں۔ سانحہ میں ملوث ملزموں کو گرفتار کیا جائے ۔ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اور لاہور بار ایسوسی ایشن نے قرارداد کی حمایت کی۔کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے احمد اویس سابق صدر لاہور ہائیکور ٹ بار نے کہا میں نے رپورٹ کے ہر صفحے پر خون کے چھینٹے دیکھے۔ ظالموں کے محاسبہ کیلئے جان بھی دینا پڑی تو وکلاء پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ سینئر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ جسٹس(ر) جاوید نواز گنڈاپور نے کہا جسٹس باقر نجفی نے کینسر ایکسپرٹ کی طرح مرض کی تشخیص کی اور بتا دیا ذمہ دار کون ہے۔مرض کا علاج چھوٹے موٹے آپریشن سے نہیں بڑے آپریشن سے ہو گا۔ ارشد جہانگیر جھوجھہ نے کہا نجفی کمشن رپورٹ میں کوئی ابہام نہیں، اب دیکھنا یہ ہے ذمہ داروں کو سزائیں کیسے ملتی ہیں؟ جسٹس(ر) پرویز عنایت نے کہا جنرل ضیا کی اولاد نے صرف ظلم کرنا سیکھا ہے۔محمد اظہر صدیق نے کہا وقت کے فرعون اور قارون ذلیل و رسوا ہورہے ہیں۔ سابق صوبائی وزیر غلام عباس نے کہا جس ملک میں ایف آئی آر کے اندراج کیلئے فوج کے سربراہ کا دروازہ کھٹکھٹانا پڑے اور پھر بھی انصاف نہ ہو تو ایسے ملک میں فیصلے سڑکوں پر ہوتے ہیں۔ پیر مسعود احمد چشتی نے کہا سانحہ ماڈل ٹائون ریاستی دہشتگردی کی بدترین مثال ہے ۔فرحان مصطفی جعفری نے کہا شہداء کے انصاف کیلئے طاہر القادری اور شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء کے ساتھ ہیں۔ عامرراں سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے کہا قاتلوں کے نام سن سن کر تھک چکے ہیں، ڈاکٹر صاحب تحریک کی کال دیں تاکہ قاتلوں کو ان کے انجام تک پہنچائیں۔ راشد جاوید لودھی وائس پریذیڈنٹ لاہور ہائیکورٹ بار نے کہا ماڈل ٹائون کے مظلوموں کی جنگ اب کالے کوٹ والے لڑیں گے۔وکلاء کو سانحہ ماڈل ٹائون کے حوالے سے ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی جس میں پولیس کو فائرنگ کرتے اور انسانیت سوز تشدد کرتے دکھایا گیا ،ڈاکومنٹری دیکھ کر وکلاء آبدیدہ ہو گئے۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے اپنے خطاب میں کہا جو قرارداد میں لکھا گیا ہے وہی ہمارے مطالبات ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی اب مایوس ہوئے ہم اس ظالمانہ نظام اور اشرافیہ کی ظلم و بربریت پر مبنی سیاست سے کئی دہائیوں سے مایوس ہیں۔ نیٹ نیوز کے مطابق طاہرالقادری نے کہا جب چاہوں گا زرداری صاحب، عمران خان کو دائیں بائیں بٹھا کر دکھا دوں گا۔ صرف سیاسی بیانات تک نہیں قدم سے قدم ملا کر چلتے دکھا دوں گا۔ جب وقت آیا تمام جمہوری قوتوں کو اکٹھا کرکے دکھا دوں گا۔

ای پیپر-دی نیشن