• news

دہشت گردوں سے مراسم ختم نہ کئے توپاکستان علاقے کا کنٹرول کھودے گاٹلرسن:بلا امتیاز کاروائیاں کیں: دفتر خارجہ

واشنگٹن (آئی این پی)امریکہ نے پاکستان کو خبردار کیا ہے کہ اگر ملک کے اندر کارفرما دہشت گرد گروپوں کے ساتھ روابط بند نہیں ہوتے تو پاکستان اپنے علاقے کا کنٹرول گنوا بیٹھے گا، جو حلقے اور اثر و رسوخ کے اعتبار سے پنپ رہے ہیں۔ امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے یہ انتباہ ایسے وقت جاری کیا ہے جب امریکہ اور پاکستان باہمی تعلقات میں حائل بداعتمادی کے معاملے میں بہتری لانے کے لیے نئے سرے سے سفارتی کوشش کر رہے ہیں، تاکہ ہمسایہ افغانستان میں امن کو فروغ دینے کے لیے مشترک بنیاد تلاش کی جائے۔ٹلرسن نے واشنگٹن میں کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ کام کرنے کے خواہاں ہیں، تاکہ ان کی سرحدوں کے اندر بھی دہشت گردی کا انسداد ہو، لیکن اس کے لیے پاکستان کو حقانی نیٹ ورک اور دیگر کے ساتھ اپنے تعلقات بدلنے کے عمل کا آغاز کرنا ہوگا۔ٹلرسن نے توجہ دلائی کہ پاکستان نے بہت ساری دہشت گرد تنظیموں کو اپنے علاقوں کے اندر محفوظ ٹھکانوں کی اجازت دے رکھی ہے اور یہ تنظیمیں سائز اور اثر و رسوخ کے اعتبار سے پنپ رہے ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ انہوں نے پاکستانی قائدین کو خبردار کیا ہے کہ یہ دہشت گرد گروپ کابل سے توجہ ہٹا کر اسلام آباد کو ہدف بنانے کا سوچ سکتے ہیں۔ایسے میں جب ٹلرسن کے اس بیان پر باضابطہ ردِ عمل سامنے نہیں آیا، حکومت پاکستان کے ایک سینئر اہل کار نے امریکی دعوؤں کو بے بنیاد کہہ کر، انہیں مسترد کیا ہے۔ اہل کار نے نام نہ بتانے کی شرط پر وائس آف امریکہ کو بتایا کہ گذشتہ تین سال کے دوران، انسداد دہشت گردی کی ہماری کارروائیوں کے نتیجے میں پاکستانی سرزمین پر موجود ان دہشت گرد گروپوں کا مؤثرطور پر قلع قمع کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)پاکستان نے امریکی سیکرٹری خارجہ ریکس ٹلرسن کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے ٹلرسن کے بیان اور خیالات سے اتفاق نہیں کرتے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے پاکستان نے دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کیں۔ ملک کے کونے کونے میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں کو ختم کیا۔ پاکستان نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ انسداد دہشت گردی آپریشن ملک کے وسیع تر مفاد میں کئے جا رہے ہیں۔ پاکستان اپنی سرزمین سے دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔ سٹاف رپورٹر کے مطابق پاکستان نے خبردار کیا ہے جو علاقہ افغان حکومت کی عملداری میں نہیں وہ افغانستان اورپورے خطہ کی سلامتی کیلئے خطرہ کا باعث ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا پاکستان بار ہا افغانستان میں داعش کی بڑھتی ہوئی موجودگی اور سرگرمیوں میں اضافہ پر تحفظات کا اظہار کر چکا ہے۔ ہمیں افغانستان میں دہشت گرد گروہوں کی موجودگی پر گہری تشویش ہے۔افغان مہاجرین کے مستقبل کے حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں بدستور مصروف ہے۔ گزشتہ ہفتے مزید چار کشمیریوں کو شہید کردیا گیا جبکہ سید علی گیلانی اور یاسین ملک سمیت دیگر حریت رہنماوں کو حراست میں رکھا گیا ہے ۔ نئی دہلی نے رواں برس تیرہ سو سے زائد مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 54بے گناہ پاکستانی شہریوں کو شہید کیا جبکہ ایک سو بیاسی افراد زخمی بھی ہوئے۔ترجمان نے کہا بھارت کے سر پر چودھراہٹ کا بھوت سوار ہے اور اس کے عزائم خطے کے امن و سلامتی کے لئے خطرہ ہیں۔ پاکستان نے کبھی بھارت کے داخلی امور میں مداخلت نہیں کی۔ اس حوالہ سے بھارتی الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔ہاکستان بھارت کے اندرونی معاملات پر اثر انداز نہیں ہو رہا بلکہ بھارت پاکستان کے اندر مداخلت کر رہا ہے۔بھارت نے 25 دسمبر کو کل بھوشن کی اہلیہ اور والدہ کو پاکستان بھیجنے کاطلاع دی ہے۔ اس تاریخ کو کل بھوشن جادیو کی اس کی اہلیہ اور والدہ سے ملاقات ہو جائے گی۔ کلبھوشن کے کیس میں پاکستان نے ایک ضخیم جواب جمع کرایا ہے.اب جواب الجواب ہو سکتا ہے اور کیس کی مزید سماعت بھی.جو بھی ہو گا پاکستان بھرپور انداز سے کل بھوشن یادیو کا کیس لڑے گا۔ کلبھوشن کی ماں اور بیوی سے ملاقات سے متعلق دیگر معاملات طے کئے جارہے ہیں۔ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشن کوویزااجرا کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں۔ ترجمان نے کہا پاکستان اسلامی سربراہ اجلاس کے اعلامیہ پر من و عن عمل کرے گا۔ او آئی سی کی طرح باقی ممالک کو بھی چاہئے وہ القدس کو فلسطین کا دارالحکومت تسلیم کریں۔ ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا معاشی راہداری کے حوالہ سے چین نے کسی بھی پراجیکٹ کی فنڈنگ نہیں روکی اور نہ ہی ایسی کوئی اطلاع ہمارے علم میں ہے، فنڈز کا اجرا مخصوص طریقہ کار کے ذریعے ہوتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن