• news

ایکونے ویژن 2025ء ‘ تجارت دگنا کرنے کا اعلان کر دیا: پائیدار ترقی کیلئے تعاون بڑھانا ہو گا: سرتاج عزیز

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ آئی این پی) ’’ایکو‘‘ تنظیم نے اعلان کیا ہے رکن ممالک کے درمیان تجارت کو 120 ارب ڈالر تک بڑھایا جائے گا۔ ’’ری انشورنس‘‘ کے لئے ایک کمیٹی قائم کی جائے گی جس کا ہیڈ کوارٹر کراچی کے اندر ہو گا۔ 23 اور 24 دسمبر کو اسلام آباد میں ’’ایکو‘‘ ممالک کے وزراء تجارت کا اجلاس ہو گا۔ اسلام آباد میں جاری ’’ایکو‘‘ کی علاقائی منصوبہ بندی کونسل کا اجلاس ختم ہو گیا جس کے اختتام پر ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن سرتاج عزیز اور ایکو کے سیکرٹری جنرل نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا اور مشترکہ اعلامیہ پڑھ کر سنایا۔ سرتاج عزیز نے کہا ایکو ممالک نے تجارتی تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ اجلاس میں معاشی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ تجارت‘ سرمایہ کاری‘ ٹرانسپورٹ‘ معدنیات‘ زراعت‘ صنعت‘ سیاحت‘ منظم جرائم اور منشیات کی روک تھام کے امور پر بات چیت ہوئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایکو ممالک کے درمیان تجارت کو دوگنا کیا جائے گا‘ منشیات کی روک تھام کے لئے انٹیلی جنس شیئرنگ کو بڑھایا جائے گا۔ ایکو کے سیکرٹری جنرل خلیل ابراہیم آقا نے کہا اقتصادی تعاون تنظیم کے علاقائی منصوبہ بندی کی کونسل کے اجلاس میں مشترکہ لائحہ عمل پر بات ہوئی۔ ای سی او کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہم ای سی او کی کامیاب کانفرنس پر پاکستان کو مبارکباد دیتے ہیں۔ اجلاس میں 2018 کے لئے ای سی او کا ورک پروگرام تیار کر لیا گیا ہے۔ آئی این پی کے مطابق ڈپٹی کمشن سرتاج عزیز نے کہا کہ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) سمٹ میں ای سی او ویژن 2025 کا اعلان ہوا۔ تجارت، انرجی، اکنامک ریسرچ اور انسانی وسائل پر تفصیلی بات ہوئی۔ پاکستان وزرائے تجارت کانفرنس کی میزبانی کرے گا، کونسل نے تجارتی سہولیات کیلئے لائحہ عمل ترتیب دیا۔ ای سی او ٹریڈ انرجی بنک سولر انرجی کیلئے فنڈ دے گاسمگلنگ کی روک تھام کیلئے انٹیلیجنس شیئرنگ پر اتفاق کیا ہے، چار ڈیجیٹل کوریڈور تعمیر کرنے پر اتفاق ہوا ہے، سیاحت کے شعبے میں تعاون پر اتفاق ہوا ہے۔ ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمشن سرتاج عزیز نے کہا اقتصادی تعاون تنظیم تمام ممبر ریاستوں کے درمیان باہمی روابط اور تعاون کا اہم ذریعہ ہے، ممبر ریاستوں نے مل کر بین الاقوامی مسائل کا سد باب کرنا ہے، ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے تجارت دو سے تین برسوں میں دگنی ہو جائے گی، ای سی او ممالک قدرتی وسائل سے مالا مال اور اقتصادی مرکزی زون بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اقتصادی تعاون تنظیم کے نمائندہ ممالک کے ترقیاتی کونسل اجلاس کے آخری روز اختتامی سیشن سے خطاب کرتے انہوں نے کہا اقتصادی تعاون کی تنظیم تمام ممبر ریاستوں کے درمیان باہمی روابط اور تعاون کا اہم ذریعہ ہے۔ باہمی تجارت کے فروغ کے لئے ریل ، روڈز ، بندر گاہوں کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی اور سائبر روابط کا استعمال بھی نہایت ضروری ہے۔

ای پیپر-دی نیشن