• news

کوئٹہ: سٹاک ایکسچینج میں شیئرز کے نام پر جعلی فرم بنانیوالا مفرور ملتان سے گرفتار

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) نیب بلوچستان نے برادرز انٹر نیشنل فرم کے مفرور مالک خالد اکرم کو ملتان سے گرفتار کر لیا۔ برادرز انٹر نیشنل فرم کے مالکان نے ملکر سینکڑوں لوگوں کو سٹاک ایکسچینج میں شئیرز کے کاروبار میں منافع کا جھانسہ دیکر کروڑوں روپوں سے محروم کیا۔ تحقیقات کے مطابق ملزمان نادر تحسین، عامر تحسین، بابر تحسین، جاوید اکرم اور خالد اکرم نے سال 2004 میں برادرز انٹر نیشنل کے نام سے ایک فرم بنائی، ملزمان نے کاروبار کی آڑ میں سادہ لوح لوگوں سے سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری اور منافع کا لالچ دیکر کروڑوں روپے جمع کرنا شروع کئے۔ جب جھانسے میں آنے والے لوگوں کی تعداد کئی سو تک پہنچی تو ملزمان فرم بند کر کے رو پوش ہو گئے۔ جس پر قومی احتساب بیورو کی ٹیم نے ملزمان کے خلاف ثبوت اکھٹے کر کے ریفرنس عدالت میں دائر کر دیا۔ احتساب عدالت ملتان سے ملزم کا حفاظتی ریمانڈ حاصل کیا گیا ہے جسے آج احتساب عدالت کوئٹہ میں پیش کیا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن