یوم سقوط ڈھاکہ، شہدائے اے پی ایس کی تیسری برسی آج منائی جائیگی
لاہور (خصوصی رپورٹر) ملک بھر میں آج ( ہفتہ ) 16دسمبر کو یوم سقوط ڈھاکہ کے منایا جائے گا ۔ اس عظیم سانحہ کے حوالے سے سیاسی و سماجی تنظیموں کے زیر اہتمام مختلف تقریبات اور سیمینارز کا اہتمام کیا جائے گا جس میں مقررین سقوط ڈھاکہ کے عوامل پر روشنی ڈالیں گے ۔پرنٹ میڈیا میںسقوط ڈھاکہ کے حوالے سے خصوصی مضامین شائع ہونگے جبکہ الیکٹرانک میڈیا اور ریڈیو پربھی پروگرام نشر کیے جائیں گے۔سانحہ مشرقی پاکستان 46برس قبل 16دسمبر 1971کو پیش آیا ۔دریں اثنا سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہدا ء کی تیسری برسی بھی آج منائی جائے گی۔ اس المناک سانحہ کی یاد میں سیاسی و سماجی تنظیموں ،سول سوسائٹی اور تعلیمی اداروں کے زیر اہتمام مختلف تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جن میں شہدا ء کے لئے قرآن خوانی ، فاتحہ خوانی اور دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔لاہور سمیت مختلف شہروں میںشہدا ء کی یاد میں شمعیں بھی روشن کی جائیں گی۔ سیمینارزاور دیگر تقریبات کا انعقاد بھی کیا جائے گا جن میں آرمی پبلک سکول پشاور کے شہدا ء کو خراج عقیدت اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سرگرم عمل پاک فوج اور شہداء کے لواحقین سے یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔