• news

ترین کا پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل کا عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ، اسد عمر مضبوط امیدوار، فیصلہ آج کور کمیٹی اجلاس میں ہو گا

اسلام آباد (آن لائن+نوائے وقت رپورٹ ) پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا ہنگامی اجلاس چیئرمین عمران خان کی صدارت میں بنی گالہ میں آج ہوگا۔ اجلاس میں سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے جمہوری نظام کے حوالے سے قومی سلامتی سے متعلق اداروں کے بارے میں بیان اور جہانگیر ترین کی سپریم کورٹ سے نااہلی کے حوالے سے امور پر غور کیا جائے گا اور آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا ۔ ذرائع نے بتایا کہ جہانگیر ترین کی نااہلی کے حوالے سے بھی مستقبل کی حکمت عملی کا تعین کیا جائے گا۔ دوسری طرف جہانگیر ترین نے پارٹی کے سیکرٹری جنرل کے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئے سیکرٹری جنرل کیلئے اسد عمر مضبوط امیدوار ہیں۔ تحریک انصاف کی رہنما فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین کی جگہ اسد عمر کو پارٹی کا جنرل سیکرٹری بنایا جائے گا۔ فیصلے سے قبل سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی رہنما فردوس عاشق اعوان نے کہا تھا کہ نااہلی پر جہانگیر ترین سے پارٹی عہدہ واپس لے لیا جائیگا۔ جہانگیر ترین کی جگہ اسد عمر پارٹی کے سیکرٹری جنرل ہونگے۔

ای پیپر-دی نیشن