• news

عمران جمائما سے دوبارہ شادی کر لیں، انہیں وزیراعظم بننے سے کوئی نہیں روک سکتا: شیخ رشید

لاہور (خصوصی رپورٹر + اے این این) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے عمران خان کو رجوع کرکے جمائما سے دوبارہ شادی کرنے کا مشورہ دے دیا۔ گزشتہ روز سپریم کورٹ کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ میں اس کا سارا کریڈٹ جمائما کو دیتا ہوں، اللہ کے بعد عمران خان کا کیس جمائما نے لڑا۔ کسی وکیل نے کیا لڑنا تھا، جمائما نے ثابت کر دیا وہ نسلی اور خاندانی خاتون ہیں۔ عمران خان کو مشورہ دیتا ہوں کہ رجوع کرکے جمائما سے دوبارہ شادی کر لیں۔ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان کے حوالے سے فیصلہ صرف عمران خان نہیں بلکہ ان عوام کی بھی فتح ہے جو تبدیلی چاہتے ہیں۔ جہانگیر ترین کی نااہلی پر انہوں نے کہا کہ یہ دکھ کی بات ہے لیکن قربانیاں دینا پڑتی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں نہیں کہتا کہ جہانگیر ترین کی قربانی دی گئی ہے۔ مجھے افسوس ہے کہ جہانگیر ترین نشانے پر آیا جبکہ حدیبیہ جیسے اہم کیس کا فیصلہ نہیں آ سکا۔ انہوں نے کہا کہ میں دینی قوتوں کو بھی عمرانخان کے ساتھ لائوں گا۔ عمران کو وزیراعظم بننے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ علاوہ ازیں ایک اور نجی ٹی وی پر بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ نیب میں پرانے لوگ شریف خاندان سے ملے ہوئے ہیں۔ جان بوجھ کر حدیبیہ کا کیس خراب کیا گیا۔ نیب حدیبیہ کیس کیلئے تیار نہیں تھا۔ حدیبیہ کیس کے فیصلے کیخلاف نظرثانی کیلئے جائوں گا۔ شیخ رشید نے کہا کہ ساری دستاویزات کو اکٹھا کرنا سیاستدان کے لئے بہت مشکل ہے۔ یہ بڑے اہم دن ہیں ابھی میں الیکشن دیر سے دیکھ رہا ہوں۔ عمران خان نااہلی کیس پر دلچسپ ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کا امیدوار اپنی جگہ ہے اے ٹی ایم کی خیر ہے۔

ای پیپر-دی نیشن