دو عہدے رکھنے پرگورنر اقبال جھگڑا کی نااہلی کیلئے پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر
پشاور(بیورورپورٹ) دو عہدے رکھنے پرگورنر خیبر پی کے انجینئر اقبال ظفر جھگڑا کی نااہلی کیلئے پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائرکردی گئی ہے رٹ پشاور کے سینئر وکیل محمد خورشید ایڈوکیٹ نے دائر کی ہے جس گورنر خیبر پختونخوا، پی ایس ٹو گورنر اور وفاقی حکومت کے سیکرٹری لاء اینڈ جسٹس کو فریق بنایا گیا ہے رٹ میں موقف اختیار کیا ہے کہ اقبال ظفر جھگڑا کے پاس گورنر خیبر پی کے کا عہدہ بھی ہے جبکہ اسے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے مرکزی سیکرٹری جنرل بھی منتخب کیا گیا ہے آئینی طور پر ایک حکومتی اہلکار بیک وقت اپنے پاس دو عہدے نہیں رکھ سکتا اس لئے گورنر خیبر پی کے ایک کے دو عہدے رکھنا آئینی طور پر درست نہیں ہے ایڈوکیٹ خورشید خان نے اپنی رٹ درخواست میں 10اگست2011کوسابق صدر زرداری سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے ایک فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اس وقت آصف علی زرداری صدر پاکستان تھے جس کے پاس پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کا عہدہ بھی تھا جس پر لاہور ہائی کورٹ نے سابق صدر زرداری کو ایک عہدہ چھوڑنے کا حکم دیا تھا لہٰذا گونر خیبر پی کے کو اس غیر آئینی اقدام پر نااہل کیا جائے، رٹ پر سماعت ہائی کورٹ کے دورکنی بنچ کی سماعت جلد متوقع ہے ۔