• news

دنیا کے 100 ممالک کی جیلوں میں 9672 پاکستانی قید ہیں: وزارت خارجہ

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) وزارت خارجہ نے لاہور ہائیکورٹ میں تفصیلات دیتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ دنیا کے 100 ممالک کی جیلوں میں 9672 پاکستانی جیلوں میں قید ہیں، بیرون ملک جیلوں میں قید پاکستانیوں کو قانونی امداد کی فراہمی اور ان تک رسائی کے لئے بنائی گئی پالیسی عدالت میں پیش نہ کرنے پر چیف جسٹس کا سخت اظہار برہمی۔ لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی، عدالت کے روبروخواست گزاروں کی وکیل بیئرسٹر سارہ بلال نے عدالت کو بتایا کہ سعودی عرب سمیت دنیا کے دیگر ممالک کی جیلوں میں قید پاکستانیوں تک رسائی نہ ہونے سے انکے اہل خانہ سخت اذیت سے دوچار ہیں۔ سرکاری وکیل نے وفاقی وزارت خارجہ کا جواب داخل کراتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ بیرون ملک جیلوں میں بند پاکستانیوں تک رسائی کے لئے اقدامات کئے جاتے ہیں۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ غیر ملکی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی، ان تک رسائی اور انہیں قانونی امداد کی فراہمی کے لئے کیا اقدامات اور احکامات صادر کئے گئے،جس پرسیکرٹری خارجہ کی جانب سے اس حوالے سے پالیسی وضح کر کے عدالت میں پیش کرنے کے لئے مزید مہلت طلب کی گئی،جس پر عدالت نے سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پرپالیسی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت 20 جنوری تک ملتوی کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن