سابق دور میں بجلی بحران پر مجرمانہ غفلت برتی گئی‘ مسلم لیگ ن نے بے لوث خدمت کی: شہباز شریف
لاہور / لندن (خصوصی رپورٹر + عارف چودھری) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہبیرون ممالک بسنے والے پاکستانی وطن عزیز کے عظیم سفیر ہیںاورپنجاب حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے پیش نظر اوورسیز پاکستانیز کمشن پنجاب کاآئینی ادارہ قائم کیا ہے۔یہ ادارہ ملک کے عظیم سفیروں کی محنت کی کمائی کو تحفظ دینے کی ذمہ داری بطریق احسن نبھا رہاہے اوریہ کمیشن بیرون ملک مقیم پاکستانیوںکی جائیداد کے تحفظ کا ضامن بن چکاہے۔ اتحاد اوراتفاق کی قوت سے پاکستان کو عظیم ملک بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے یہ بات لندن میں مسلم لیگ(ن) کے وفد سے گفتگو میں کہی۔ انہوںنے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب نے ٹیم ورک کی اعلی مثال قائم کی ہے۔ ادارے نے لالچ، حرص اور خوف کی بیڑیوں کو توڑ کر پاکستانیوں کی خدمت کی ہے۔ سب ملکرجذبے، محنت اورلگن کیساتھ کام کریںتو ملک کے حالات جلد بدل جائیں گے۔ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے عوام کی بے لوث خدمت کی ہے۔ پاکستان کو آج کئی مسائل کا سامنا ہے۔ ہمیں اجتماعی بصیرت اورکاوشوں سے ملک کو مسائل کے چنگل سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرناہے۔ کام مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں۔ سابق دور میں توانائی بحران حل کرنے کے حوالے سے کوئی اقدام نہیں کیا گیا بلکہ بد ترین مجرمانہ غفلت برتی گئی۔ مسلم لیگ( ن) کی حکومت نے دن رات ایک کرکے توانائی بحران پر توجہ مرکوز کئے رکھی اور توانائی بحران کے خاتمے کیلئے اقدامات بارآور ثابت ہوئے ہیں۔ حکومتی کاوشوں کے باعث آج پاکستان میں لوڈشیڈنگ کاجن قابو میں آچکا ہے۔ لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں پنجاب حکومت اور استنبول میونسپلٹی کے مابین واٹر سیکٹر، ٹریفک مینجمنٹ اور ہارٹی کلچر کے شعبوں میں تعاون کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت اور متعدد ترک کمپنیوں کے مابین شاندار اشتراک کار موجود ہے۔ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، ٹرانسپورٹ، صحت اور دیگر شعبوں میں ترک کمپنیوں نے بڑی سرمایہ کاری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پینے کا صاف پانی ہر شہری کا حق ہے اور یہ حق ہم انہیں دیں گے۔ اس لئے پنجاب حکومت پینے کے صاف پانی کے بڑے پروگرام پر کام کررہی ہے۔ صوبائی دارالحکومت سمیت صوبے کے دیگر شہروں میں ٹریفک کے بہائو کو بہتر بنانے کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں اور ٹریفک مینجمنٹ پر انسپکٹر جنرل پولیس ذاتی طور پر توجہ دیں۔ ادارے خوف خدا کریں اور عوام کو سہولتوں کی فراہمی کے لئے محنت سے کام کریں اور وقت کو غنیمت جانیں اور کام کرکے دکھائیں۔ قوم کے بچوں اور بزرگوں کو اپنا جان کر انہیں سہولتوں کی فراہمی کے لئے محنت سے کام کریں۔ ترکی جانے والے وفود سے میری درخواست ہے کہ اب کچھ کرکے دکھائیں اور وقت ضائع نہ کریں۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے بہاولپور کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔