پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے سخت سکیورٹی برقرار رکھنا لازمی ہے: ڈین جونز
لاہور ( نمائندہ سپورٹس ) سابق آسٹریلیوی بلے باز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ ڈین جونز کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان غیر ملکی کرکٹرز کو اپنے یہاں آنے پر آماد ہ کرنے میں سنجیدہ ہے تو اسے سخت سکیورٹی کو ہر حال میں یقینی بنانا ہوگا۔ملک میں انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے کئی ممالک کے بورڈز سے رابطے کیے ہیں اور رواں سال پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے لاہور میں انعقاد کے بعد ورلڈ الیون کی ٹیم کے ساتھ 3ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز بھی لاہور میں کھیلی گئی اور پھر سری لنکا کیخلاف آخری ٹی ٹونٹی بھی یہاں ہوا،ویسٹ انڈیز کی ٹیم کا بھی دورہ پاکستان متوقع تھا تاہم ان کے کھلاڑیوں کی جانب سے انکار کے بعد اس دور ے کو مارچ تک کے لیے ملتوی کرنا پڑا۔پی سی بی اس وقت جنوبی افریقی اور بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈز کے ساتھ بھی رابطے میں ہے اور پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا فائنل کراچی میں کروانے کاپلا ن بھی بن چکا ہے۔ڈین جونز کا کہنا تھا کہ پی سی بی کو سخت سکیورٹی کا میعار برقرار رکھنا ہوگا،آپ نے اسے چھوڑا تو مشکل میں پڑجائیں گے،مجھے پاکستان میں کرکٹ واپس آنے کی خوشی ہے ، میں پاکستان میں کرکٹ واپسی کا سب سے بڑا حامی ہوں اور کئی کرکٹ بورڈز اور کھلاڑیو ں کو یہاں آنے کیلئے تیار کرچکا ہوں،ہمیں کچھ ممالک اور کھلاڑیوں کا مائنڈ سیٹ بدلنے کی ضرورت ہے۔ڈین جونز کا مزیدکہنا تھا کہ میں کرکٹ آسٹریلیا کے کئی افراد کو یہ بتا چکا ہوں کے پاکستان میں حالات بد ل رہے ہیں ، آپ درست سمت میں جارہے ہیں اور آہستہ آہستہ لوگوں کا اعتماد جیت رہے ہیں لیکن آپ 5سال میں حاصل کردہ اعتماد کو کھونے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔