مارشل لاء کا امکان ہے نہ حکومت مدت پوری کرتی نظر آتی ہے: مشرف
اسلام آباد (آن لائن) سابق صدر پرویزمشرف نے کہا ہے کہ ملک میں مارشل لاء لگنے کا کوئی امکان نہیں۔ سپریم کورٹ سے توقعات ہیں کہ وہ اس حکومت کو گھر بھیجے گی۔ حکمران ملک کو تباہ کرکے فوج کو آنے پر مجبور کرتے ہیں اور پھر شور مچاتے ہیں کہ جمہوریت کو چلنے نہیں دیا جاتا۔ حکمران نااہل ہیں‘ گورننس نہیںجانتے۔ جو حکومت کو ختم کرنے کی کوشش کر رہا ہے وہ بہتر کر رہا ہے۔ وقت آگیا ہے کہ نظام کو تبدیل کیا جائے۔ نئے صوبے بنائے جائیں۔ ریاست کو بچانے کیلئے (ن) لیگ کی حکومت کو جانا ہوگا۔ ان کی رخصتی ملک کے مفاد میں ہے۔ کسی جماعت کا سہارا نہیں لینا چاہتا۔ خود لیڈ کرکے عوام میں مقبول دیکھنا چاہتاہوں۔ نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں پرویز مشرف نے کہاکہ پاکستان کی حالت بہت بری ہے۔ وزراء معیشت کے حوالے سے جھوٹ بولتے ہیں۔ معیشت تباہ حال ہے۔ پھر لوگ کہتے ہیں کہ آمریت آگئی ہے ہمیں چلنے نہیں دیتے۔ آپ اگر ملک کو تباہی کی طرف لے جا رہے ہیں تو آپ کو کون چلنے دے گا۔ نااہل شخص کا پارٹی سربراہ بننا غیر قانونی اور غیرآئینی ہے۔ مسلم لیگ (ن) میں بہت سے بُرے لوگوں کے ساتھ اچھے لوگ بھی ہیں‘ یہ کسی اور کو صدربنائیں‘ کچھ تو بہتری آئے یہ قانون منظور کرانے کے بعد دندناتے پھر رہے ہیں۔