مینگورہ سے چین تک ریل روٹ کیلئے فزیبلٹی سٹڈی منصوبہ کی تشکیل
اسلام آباد(مسعودماجدسید؍خبر نگار)پاکستان ریلوے نے سوات مینگورہ سے چین تک ریل روٹ کی فزیبلٹی سٹڈی بنانے کا منصوبہ تشکیل دے دیا ہے۔ چین کے ساتھ ساتھ ایشیائی ترقیاتی بنک نے بھی مالی معاونت اور آسان قرضے کی پیشکش کر دی ہے اور سڑیٹجک پلان 2025کی تیاری میں بھی معاونت کی ہے۔ وزارت ریلوے کے ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق وفاقی حکومت نے جہاں چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کر دیا ہے بلکہ گوادر پورٹ تک ریل اور روڈ نیٹ ورک کو وسعت دینے اور ان کی اپ گریڈیشن کے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔ سی پیک سے منسلک ریلوے لائن کو بھی پاکستان کے دیگر علاقوں سے جوڑنے کے منصوبوں پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ پاکستان ریلویز نے چین کے ساتھ ساتھ افغانستان، ایران، ترکمانستان اور دوسرے وسط ایشیائی ممالک کے ساتھ ریلوے لنکس پر بھی کام شروع کر دیا ہے۔ سوات مینگورہ سے چین کو منسلک کر نے سے علاقائی ترقی میں اضافہ ہوگا بلکہ معاشی، سماجی و ثقافتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا ۔