کلبھوشن کی والدہ‘ اہلیہ کی ویزہ درخواستیں موصول ہو گئیں: دفتر خارجہ
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ کلبھوشن یادیو کی والدہ اور اہلیہ کی طرف سے ویزا درخواستیں موصول ہو گئی ہیں۔ ان درخواستوں کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔ کلبھوشن کی والدہ اور اہلیہ نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کلبھوشن سے ملاقات کیلئے درخواستیں دی ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان میں جاسوسی اور دہشت گردی کے الزام میں گرفتار بھارتی بحریہ کے ایک افسر کو بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا۔ کلبھوشن نے پاکستان میں جاسوسی اور تخریب کاری کے لئے سرگرم ہونے کا اعتراف کیا ہے۔ کلبھوشن کو فوجی عدالت نے سزائے موت سنائی ہے۔ کلبھوشن کی والدہ اور اہلیہ نے اس سے ملاقات کی درخواست کی تھی پاکستان نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دونوں کو ملاقات کی اجازت دی ہے۔ اس اجازت کے بعد کلبھوشن کی والدہ اور اہلیہ نے پاکستان آمد کے لئے ویزہ درخواستیں دی ہیں۔ بھارتی جاسوس کی والدہ اور اہلیہ کی 25 دسمبر کو کلبھوشن سے ملاقات متوقع ہے۔