نواز شریف عدلیہ کیخلاف تحریک چلائیں میں بھی نکلوں گا دیکھیں گے عوام کس کیساتھ ہیں: عمران
اوکاڑہ (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اوکاڑہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف اس قوم کے مجرم ہیں جب ادارے تباہ ہوتے ہیں تو ملک تباہ ہوجاتا ہے۔ نوازشریف نے کہا ہے پاکستان کی عدلیہ کے خلاف تحریک چلائوں گا، نوازشریف سے سوال ہے کہ کیا کبھی گیدڑ تحریک چلا سکتا ہے آپ نے کبھی تحریک چلائی ہے مجھے انتظار ہے نواز شریف تحریک چلائیں ایک طرف سے آپ دوسری طرف سے میں نکلوں گا دیکھیں گے عوام کس کے ساتھ ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ کوئٹہ میں چرچ پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتا ہوں، اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت کریں گے،نواز شریف آپ تو معاہدہ کرکے سعودی عرب چلے گئے تھے، کیا مسلم لیگ (ن) نے اس وقت تحریک چلائی جب مشرف نے آپکو جیل میں ڈالا کیا بزدل آدمی کبھی تحریک چلا سکتا ہے۔ نواز شریف میرے اور اپنے کیس کا موازنہ کر رہے ہیں۔ کرپشن تو اقتدار میں ہوتی ہے میں کبھی اقتدار میں نہیں رہا۔ نواز شریف آپ نے 300 ارب کا جواب دینا ہے۔ دعوے سے کہتا ہوں کہ 30 سال تک عدلیہ نواز شریف کو بچاتی رہی۔ شہباز شریف بہت بڑا ڈرامہ ہیں میں نے اپنے فلیٹ سے متعلق 60 دستاویزات دیں نوازشریف آپ نے ایک دستاویز بھی نہیں دی۔ نواز شریف اپنی چوری بچانے کیلئے عدالت پر الزام لگا رہے ہیں۔ تم عدلیہ کے خلاف نکلو گے میں تمہارے خلاف نکلوں گا۔ ہم شہباز شریف کے خلاف نیب میں دوبارہ جائیں گے، ان کیخلاف نئی چیزیں آئی ہیں۔ خواجہ سعد رفیق سے بھی پوچھوں گا تمہارے پرائز پانڈ کیسے نکلتے ہیں۔ خواجہ آصف سے بھی 15 لاکھ روپے جو دبئی سے لیتے ہیں اس کا پوچھوں گا۔ امپائرز کو بھی بلا لو اسکے باوجود نوازشریف کو شکست دیں گے۔ چاہتا ہوں کہ شہبازشریف نااہل الیکشن کے بعد ہو، پہلے نااہل ہو گئے تو مجھے الیکشن میں میچ کھیلنے کیلئے کوئی نہیں ملے گا۔ شاہد خاقان عباسی بھی کرپشن میں شریف خاندان کے ساتھ ملا ہوا ہے۔ وزیراعظم کس کی اجازت سے کرپٹ آدمی کو ملنے لندن گئے۔ عوام کے پیسوں پر نواز شریف سے ملنے لندن گئے۔ شاہد خاقان عباسی آپ وزیراعظم ہیں یا شریف خاندان کے درباری؟