قمر زمان چودھری کیخلاف عمران کے الزامات غیراخلاقی ہیں: نیب
اسلام آباد (نامہ نگار) سابق چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کے بارے میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے الزامات کو بلاجواز، غیر مناسب اورغیر اخلاقی قرار دے دیا گیا ہے۔ نیب کے ذرائع نے سابق چیئرمین نیب قمرزمان چوہدری کے بارے میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے حالیہ الزامات مکمل طور پر بلاجواز اور غیر مناسب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ الزامات حقائق کی روشنی میں قطعی طور پر غیر اخلاقی ہیں، سابق چیئرمین نیب کی تقرری کے خلاف عمران خان کی پٹیشن سپریم کورٹ کی طرف سے غیر سنجیدہ قرار دیکر مسترد کردی گئی تھی۔ پٹیشن میں لگائے گئے تمام الزامات مسترد کر کے پٹشین ختم کردی گئی لیکن عمران خان ابھی تک الزام تراشی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں اورذرائع ابلاغ کا فائدہ اٹھا رہے ہیں ۔نیب ذرائع کے مطابق سابق چیئرمین نیب کا چار سالہ ریکارڈ شاندار رہا ہے ،انہوں نے اپنے دور میں اپنے فرائض بہتر طور پر ادا کئے جس کا اعتراف سی پی آئی (برلن) کی سالانہ رپورٹ میں بھی کیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ بین الاقوامی برادری میں پاکستان کی ریٹنگ بہتر ہوئی تھی۔