عدالتی فیصلوں سے کوئی مطمئن نہیں‘ سیاستدانوں کو ووٹ کے ساتھ آنا جانا چاہئے مریم اورنگزیب‘ کوئٹہ چرچ حملے کی مذمت
اسلام آباد (آئی این پی) وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے عدالتی فیصلوں سے کوئی مطمئن نہیں۔ سیاسی رہنمائوں کو ووٹ کے ذریعے ہی آنا چاہئے اور ووٹ کے ذریعے ہی جانا چاہئے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) کا ہمیشہ سے یہ مؤقف رہا ہے سیاسی رہنمائوں کو ووٹ کے ذریعے آنا چاہیے۔ تمام معاملات عمران خان خود عدالت میں لیکر گئے۔ ہر سطح پر عوام کی سپورٹ نوازشریف کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا ہمارے لئے نوازشریف سے متعلق فیصلہ اہم ہے۔ نوازشریف کی مقبولیت کسی سے برداشت نہیں۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا نوازشریف اور عمران خان کے فیصلے دیکھ لیں اور عوام کی آواز سن لیں۔ جب نوازشریف کا فیصلہ آیا اس پر جو نچلی سطح تک ردعمل آیا وہ آج بھی برقرار ہے۔ ہمیں حدیبیہ کیس کا ریلیف 14 ویں مرتبہ ملا ہے۔ این این آئی کے مطابق وزیرمملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کوئٹہ چرچ پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور ان کو ان کے گھنائونے اور مکروہ عزائم میں شکست دیں گے۔ انہوں نے کہا پاکستانی قوم دہشت گردوں کا اس وقت تک پیچھا نہیںچھوڑے گی جب تک آخری دہشت گرد کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔