• news

ٹرک‘ ٹریکٹر ٹرالی‘ کار رکشوں سے ٹکرا گئی‘3 مزدوروں سمیت7 جاں بحق‘6 زخمی

لاہور(نامہ نگاران)بادامی باغ کے علاقے میں تیز رفتار ٹرک اور ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم سے 3مزدور ہلاک ہو گئے ۔ بادامی باغ کے علاقے بند روڈ پر ایک فلور مل کے سامنے تیز رفتارٹرک نے بے قابو ہو کر مخالف سمت سے آنے والی ٹریکٹر ٹرالی کو ٹکر مار دی۔ جس سے ٹریکٹر ٹرالی الٹ گئی اور اس پر سوار تین مزدور قاسم علی ، جاوید اقبال اور سلطان نیچے دب کر ہلاک ہو گئے جبکہ ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ ریسکیو1122 اور پولیس نے تینوں مزدوروں قاسم علی ، جاوید اقبال اور سلطان کی نعشیں ٹرالی سے سے نکال کرپوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر دی ہیں ۔تینوں متوفی پتوکی کے رہائشی تھے ۔پولیس نے فرار ہونے والے ٹرک ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے ۔پولیس کے مطابق مزوروں کے لواحقین کو اطلاع کر دی گئی ہے۔ ان کے آنے پر مزیدقانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔نواحی گاؤں وڈانہ کے قریب تیز رفتارکار بے قابو ہو کر سڑک کنارے کھڑے رکشوں سے جا ٹکرائی ، چار افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ تین افراد کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال داخل کرا دیا گیا وزیراعلیٰ کا قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے عمران وغیرہ اپنے دیگر ساتھیوں عدنان ،نعمان،ندیم وغیرہ کے ہمراہ دو رکشوں پر قصور حضرت بابا بلھے شاہ رحمۃ اللہ علیہ کے مزار پر سلام کرکے واپس گھر جا رہے تھے کہ خراب ہوگیا جسے وہ ٹھیک کرنے میں مصروف تھے کہ قصور کی طرف آنے والی تیز رفتار کار 1425/LEH نے انہیں بری طرح کچل ڈالا جس سے کوٹ عبدالمالک لاہور کے نعمان ،عدنان اور ساندہ لاہور کے رہائشی ندیم نواز موقع پر ہی دم توڑ گئے۔رکشہ سوار عمران اور آفتاب شدید زخمی ہو گئے ۔کارڈرائیور حادثہ کے بعد فرار ہو گیا ۔ مقامی پولیس نے مقدمہ درج کر کے کار ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ۔علاوہ ازیں انسانی جانوں کے ضیاع پر وزیراعلیٰ نے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ علاوہ ازیں راجن پور میں ٹرک نے کار کو کچل دیا جس سے کار میں سوار 3 ایف سی اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے جبکہ ٹرک ڈرائیور فرار ہوگیا‘پولیس کے مطابق حادثہ روجھان انڈس ہائی وے پر پیش آیا‘کار مکمل تباہ ہوگئی۔پولیس نے بتایا کہ حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور کی تلاش کیلئے کارروائی کا آغاز کردیا گیا، پولیس نے بتایا کہ ایف سی اہلکار کراچی سے اسلام آباد جارہے تھے۔ نجی ٹی وی کے مطابق مرنیوالوں کی شناخت ایف سی کے اسسٹنٹ صوبیدار محمد اسلم، نائیک حوالدار عمر علی اور حسن علی کے ناموں سے ہوئی جبکہ زخمیوں میں توڑگل، حبیب اللہ اور سخت علی شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن