ترک صدر کا مشرقی بیت المقدس میں سفارتخانہ کھولنے کا اعلان
انقرہ (صباح نیوز) ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے بیت المقدس کو فلسطین کا دارالحکومت تسلیم کرتے ہوئے اپنا سفارت خانہ کھولنے کا اعلان کر دیا۔ ترک صدر نے مشرقی بیت المقدس میں سفارتخانہ کھولنے کا اعلان جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے جلسے سے خطاب میں کیا۔ ترکی مشرقی بیت المقدس میں اپنا سفارتخانہ کھولے گا۔ بہت جلد مشرقی بیت المقدس فلسطینی ریاست کا دارالحکومت ہو گا۔ ترکی کے شہر کرامان میں حکمران جماعت کی جانب سے بیت المقدس کے حق میں نکالی گئی ایک بڑی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے طیب اردگان کا کہنا تھا کہ بیت المقدس چونکہ مقبوضہ ہے اس لیے نہ ہم وہاں جا سکتے ہیں اور نہ ہی سفارت خانہ کھول سکتے ہیں۔ اگر اقوام متحدہ القدس کے معاملے میں ضروری کارروائی نہیں کرتی تو ہم خود متعلقہ حکام پر دبائو ڈالیں گے۔ خطاب میں اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ القدس کے معاملے میں جو ضروری ہے وہ آپ کو کرنا ہو گا لیکن اگر آپ نہیں کرتے تو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ضروری کارروائی کے لئے ہم خود متعلقہ حکام پر دبائو ڈالیں گے۔ ہم آخر تک حق کے لئے آواز بلند کرتے رہیں گے اور ظلم کی نشاندہی کرتے رہیں گے، ہم وہ دن نہیں بھولے جب دنیا بھر سے برے مناظر کو ترکی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر نشر کیا جاتا رہا ہے۔