• news

لاہور سمیت کئی شہروں میں گیس کی بندش پر یشر کمی سے عوام کو پریشانی

لاہور+ ساہیوال+ نارووال+ ڈسکہ+ چیچہ وطنی +اسلام آباد (نیوز رپورٹر+ نامہ نگاران+ آن لائن) صوبائی دارالحکومت لاہور میں گیس کی بندش اور پریشر میں کمی کی صورت حال برقرار رہی، سوئی ناردرن لاہور ریجن کی ٹیمیں دفاتر تک محدود ہوکر رہ گئیں جس کے باعث گنجان آباد علاقوں میں گیس کی بندش صارفین کے لئے وبال جان بنی رہی۔ سردی کی شدت میں اضافے کے بعد گیس پریشر میں کمی جبکہ بعض علاقوں میں گیس آنا بند ہوگئی ہے۔ اقبال ٹائون‘ گلشن بلاک‘ مصری شاہ‘ سمن آباد‘ یتیم خانہ‘ پنج محل روڈ مزنگ‘ اچھرہ‘ بند روڈ‘ جی ٹی روڈ‘ مغل پور ہ‘ ملتان روڈ ہنجروال‘ منصورہ سمیت دیگر علاقوں میں گیس کی بندش کا مسئلہ اتوار والے روز بھی برقرار رہا۔ صارفین نے ایل پی جی سلنڈر اور لکڑی کا استعمال شروع کردیا۔ گھریلو خواتین ایسی صورت حال میں پریشان ہیں۔ صبح اور شام کے اوقات میں دن کے وقت 4سے 5 گھنٹے تک گیس کی بندش جاری ہے۔ سوئی ناردرن گیس ریجن میں گیس رات 9 بجے سے صبح5 بجے تک گیس بند کردی جاتی ہے ۔ دو مرتبہ ڈیڑھ ڈیڑھ گھنٹہ گیس بند کردی جاتی ہے جس پر شہریوں نے شدید احتجاج کیا اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ شہریوں نے وارننگ دی سوئی ناردرن گیس نے فوری طور پر گیس کی فراہمی مسلسل جاری نہ رکھی تو شہری سوئی نادرن گیس کے دفاتر کا گھیرائو کریں گے۔ نارووال کے محلہ جیلانی کالونی، ثناء اللہ کالونی، اسلام پورہ،محمد پورہ محلہ ذاکر پورہ و دیگر علاقوں میں گیس کی بندش سے مکین سراپا احتجاج ، گیس کی بندش سے سکول کالجز میں جانے والے طلباء و طالبات کے ساتھ ساتھ کام پر جانے والوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے ، اعلیٰ حکام سے اصلاح احوال کا مطالبہ۔شہر بھر کے مختلف مکینوں اور صارفین نے بتایا کہ صبح کے وقت سوئی گیس کا پریشر کم ہوجا تا ہے جس سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا صبح سویرے بچے سکول ،دفاتر جانے والے ملازمین اور کاروبار پر جانے والے افراد کوبغیر ناشتہ کے ہی جانا پڑتا ہے یا اضافی خرچ کرکے بازارسے ناشتہ منگوانا پڑتا ہے اس کے علاوہ بھی سارا دن بھی پریشر کم زیادہ ہوتارہتا ہے۔ڈسکہ وگردو نواح میںگیس کی بندش سے عوام سراپا احتجاج‘ صارفین نے بتایا کہ صبح کے وقت گیس پریشر کم ہو جاتا ہے جس سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ‘بچے سکول دفاتر جانے والے ملازمین اور کاروبار پر جانے والے افراد کو صبح سویرے بغیر ناشتہ کے ہی جانا پڑتا ہے ۔بعض شہری و دیہی علاقوں میں سارا سارا دن گیس بالکل بند رہتی ہے جس سے خواتین کوکھانا بنانے میں پریشانی کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے گیس کی لوڈ شیڈنگ سے حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے شہریوں نے اعلی حکام سے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔ ملک کے مختلف حصوں میں حالیہ بارشوں اور برف باری کے بعد موسم شدید سرد ہو گیا ۔ گزشتہ روز کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 4 جب کہ مری میں منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ادھر محکمہ موسمیات نے 19 دسمبر سے ملک کے بالائی اور شمالی علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق منگل سے جمعرات تک اسلام آباد، راولپنڈی اور قلات ڈویڑن سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ مری اور گلیات سمیت پہاڑی علاقوں میں بھی خوب برفباری ہو گی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ پنجاب کے بعض میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح کے وقت دھند پڑنے کا امکان ہے۔ مضافاتی آبادیوں بابو ٹائون، الفتح ٹائون، گئو شالہ، شمس پورہ ، درویش پورہ ، احمد نگر، حیات آباد ، ہائوسنگ کالونی میں گزشتہ کئی روز سے گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری ہے ۔ سوئی گیس حکام تاحال صورتحال پر قابو پانے میں ناکام نظر آرہے ہیں۔ شہرکی سماجی اور تجارتی تنظیموں نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ ملک بھر میں سردی کی شدید لہر جاری ہے۔ شمالی بلوچستان اور بالائی علاقوں میں شدید سردی سے معمولات زندگی متاثر ہوگئے۔ قلات میں درجہ حرارت منفی 8، کوئٹہ منفی 4 ریکارڈ کیا گیا۔ کراچی میں بھی خشک و سرد ہوائوں کا راج ہے۔ سندھ اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں بھی سردی کی شدت برقرار ہے۔گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے سرد ترین مقامات کوئٹہ، قلات اور کالام کا درجہ حرارت منفی 8 ، مالم جبہ منفی 6، پارہ چناراور گوپس منفی5 جب کہ استور میں درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ پنجاب کے بعض میدانی اوربالائی سندھ میں صبح کے وقت دھند پڑنے کاامکان ہے۔

ای پیپر-دی نیشن