لاہور میں وارداتیں مزاحمت پر شہری قتل :پھول نگرسول جج کے گھرڈکیتی
لاہور+ پھولنگر(نامہ نگاران)صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا جبکہ نصیرآباد میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کر کے30سالہ شخص کو قتل کر دیا ہے۔ نصیر آباد کے علاقے میں موٹرسائیکل سوار دو ڈاکوؤں نے 30سالہ شعیب کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر23ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا جبکہ مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے شعیب کو شدید زخمی کر دیا اور فرار ہو گئے۔ زخمی شعیب کو طبی امداد کے لیے ہسپتال پہنچایا گیا، مگر وہ جانبر نہ ہو سکا ۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پرپہنچ کر نعش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے جمع کرا دی ہے۔ ڈاکوؤں نیستوکتلہ کے علاقہ میں راجہ اورنگزیب کے اہلخانہ کویرغمال بنا کر ساڑھے 6لاکھ ،ہنجروال میں شرافت کے گھر سے 5 لاکھ 10ہزارمالیت ، سبزہ زارمیںرفیق کے گھر سے 4 لاکھ روپے کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان، شاہدرہ میں عباس اور اس کی فیملی سے4 لاکھ مالیت ،لٹن روڈ میں سفیان اور اس کی فیملی سے3 لاکھ مالیت ،اسلام پورہ میں اکرام اور اس کی فیملی سے ڈیرھ لاکھ مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اور موبائل فون، لیاقت آباد میں مدثراللہ سے 45ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا ہے۔ چوروں نے ستوکتلہ میں حسن کے گھر سے 42لاکھ روپے مالیت کی نقدی، زیورات اور دیگر سامان چوری کر لیا ہے۔ چوروں نے گلشن راوی میں سے نذیرعلی،گلشن اقبال میں سے فیاض احمد کی گاڑیاں جبکہ شادباغ میں سے حسین علی، مناواں میںعاشق علی،غازی آباد میں عبدالرزاق، گلشن راوی میں سعداللہ، شاہدرہ ٹائون میں وقاص احمد، شفیق آباد میں سے کامران شاہد کی موٹرسائیکلیں چوری کر لی ہیں۔ پھول نگر سے نامہ نگار کے مطابق نواحی گاؤں دینا ناتھ میں لاہور میں تعینات سول جج کے گھر ڈکیتی کی واردات میں10ڈاکو ہزاروں روپے نقدی، طلائی زیورات اور لائسنسی اسلحہ لوٹ کر لے گئے۔ گزشتہ رات 10 ڈاکو حبیب اللہ جٹ کی حویلی مویشیاں میں آئے ابو بکر اور بلا ل کو یرغمال بنا کر سول جج کے گھر بات کرانے کیلئے انہیں زدوکوب کیا۔ بات ہونے پرحبیب اللہ اور لطف اللہ اپنے والد عبدالرحیم کے ہمراہ حویلی پہنچ گئے ڈاکوؤں انہیں بھی تشدد کا نشانہ بنایا اور سر پھاڑ دیا۔ بعدازاں گھر میں داخل ہو کر ٹرنک سے 26ہزار روپے، تین جوڑے طلائی بالیاں، دو موبائل فون ،30بور پسٹل، پمپ ایکشن ، جوتیاں اور کپڑے لوٹ کر فرار ہوگئے۔ پولیس تھانہ صدر نے حبیب اللہ کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا۔