.اقتصادی راہداری مغربی روٹ کے پیکیج ون کا 60 فیصد کام مکمل
اسلام آباد(نیوز رپورٹر)این ایل سی نے پاک چین اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ کے پیکیج ون کا 60فیصد کام مکمل کر لیا۔ تیزی سے کام جاری ہے تاکہ منصوبے کی معیاری اور بروقت تکمیل کو ممکن بنایا جاسکے براہمہ باہتر تا ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے سی پیک مغربی حصہ ہے۔ پیکیج ون کی لمبائی ساڑے 54 کلومیٹر ہے‘نیشنل ہائیوے اتھارٹی نے اس موٹروے کا پیکیج ون اوپن بڈنگ کے ذریعے این ایل سی کے حوالے کیا ہے جس پر کام کا آغاز یکم ستمبر 2016سے ہوا۔ پیکیج ون کی لمبائی ساڈھے 54کلومیٹر ہے جو یارک سے شروع ہو کر رحمانی خیل پر ختم ہوتا ہے جسے 13.25ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جارہا ہے۔ توقع کی جاری ہے کہ یہ منصوبہ 30اگست 2018تک مکمل کر لیا جائیگااس منصوبے میں 60کلورٹ ‘ 4پل ‘2انٹر چینج ‘ 22سروس ڈکٹ اور 2ٹال پلازہ شامل ہیں ‘ گزشتہ روز این ایل سی نے مقامی صحافیوں کو منصوبے کا دورہ کرایا این ایل سی کے پراجیکٹ منیجر کرنل کمال نے بتایاکہ این ایل سی نے تقریباً 100 فیصد ارتھ ورک مکمل کرلیا ہے۔منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف اسلام آباد اور ڈیرہ اسماعیل خان کے درمیان فاصلہ میں نہایت کمی واقع ہوگی بلکہ یہ پاک چین اقتصادی راہداری کیلئے اہم روٹ کا کردار ادا کرے گا۔