عمران خان کیخلاف پی ٹی وی حملہ سمیت 4 مقدمات کی سماعت کل ہو گی
اسلام آباد (نامہ نگار) اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی چاروں مقدمات میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت دائر مقدمات کی سماعت کل(منگل کو) کرے گی۔گزشتہ سماعت پر عدالت نے انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت لگائی گئی دفعات کو ختم کرنے سے متعلق عمران خان کی درخواست مسترد کر تے ہوئے ان کی عبوری ضمانت میں آٹھ روز کی توسیع کر دی ہے اور انھیں 19دسمبر کو دوبارہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کے وکیل بابر اعوان کو حکم دیاتھا کہ وہ اگلی سماعت پر اپنے موکل کی عبوری ضمانت میں توسیع کے بارے میں دلائل دیں گے۔اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج شارخ ارجمندکل 19دسمبر کو عمران خان کے خلاف پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس سمیت چار مقدمات کی سماعت کریں گے۔عمران خان کے خلاف سنہ 2014میں پارلیمینٹ ہاوس کے باہر دیے گئے دھرنے میں چار مقدمات انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کیے گئے ہیں ان میں پارلیمنٹ ہائوس پر حملہ، ریاست کے زیر انتظام چلنے والے سرکاری ٹیلی ویژن کی عمارت پر حملے کے علاوہ اس وقت کے ایس ایس پی اسلام آباد عصمت اللہ جونیجو کو تشدد کا نشانہ بنانے کے مقدمات بھی شامل ہیں۔