• news

فرانس: حکومت نے انتہاپسندی کو فروغ دینے کا الزام لگاکر مسجد بند کر دی

مارسیلی (آن لائن) فرانس کی جنوبی ریاست مارسیلیا میں حکام نے ایک مسجد کو انتہاپسندی اور نفرت کو ہوا دینے کے الزام میں بند کردیا۔ خبرر ساں اداروں کے مطابق مارسیلیا کی انتظامی عدالت نے مسجد کے امام وخطیب پر نمازیوں کو انتہا پسندی کی تعلیم دینے کے الزام میں امامت اور خطابت سے بھی روک دیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق مارسیلیا شہر میں واقع جامع مسجد السنہ کو گورنر پییر دار ٹوت کی درخواست پر چھ ماہ کے لئے بند کیا گیا۔ عدالت کی طرف سے مسجد کے امام جس کی شناخت مخفی رکھی ہے پر الزام لگایا کہ اس نے اپنی تقاریر میں انتہا پسندانہ امتیاز پر مبنی اور تشدد کی تبلیغ شروع کر رکھی تھی۔ فرانسیسی ذرائع ابلاغ کے مطابق مسجد کی نگران تنظیم کے وکیل فیلپ پیرولیر کا کہنا ہے کہ جن تقاریر کی بناء پر مسجد کو بند کیا گیا وہ نئی نہیں بلکہ 2013ء کی ہیں۔ وہ عدالت کے فیصلے پر حیران ہیں کہ ایک پرانے واقعے پر مسجد کو سیل کیا گیا ہے۔ فرانس اس سے قبل بھی 19 مساجد سیل کر چکا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن