• news

ٹرمپ نے مسلمانوں کیخلاف اعلان جنگ کیا‘ حکمران خواب غفلت سے جاگیں: ثروت قادری

کراچی (سٹاف رپورٹر) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے دین کے محافظ کے طور پر کسی بھی صورت میں امریکی صدر ٹرمپ کے فیصلے کو تسلیم نہیں کرینگے، اقوام متحدہ کا کردار ویٹو پاور مشکوک بنارہے ہیں، ٹرمپ پالیسی کی مخالفت کرتے ہیں بیت المقدس ہمارا قبلہ اول ہے۔ ہم نے امریکن قونصل جنرل کو یادداشت جمع کرائی ہے کہ فیصلہ واپس لیا جائے، آج سکیورٹی کونسل کا اجلاس ہورہا ہے، اقوام متحدہ میں مصر فلسطین کے معاملے پر قرار داد پیش کررہا ہے، فلسطین اور اسرائیل کا تنازعہ بات چیت سے حل کیا جائے۔ پاکستان 57مسلم ممالک کا سربراہی اجلاس بلائے یو این او میں مصر کی بیت المقدس کیلئے فلسطین کے حق میں پیش ہونے والے قرارداد کی منظوری پر اگر کوئی ویٹو کرتا ہے تو پھر مسلم دنیا کو بھی اپنا ویٹو پاور شو کرانا ہوگا، امریکی واسرائیلی مصنوعات کا پوری دنیا میں بائیکاٹ اور پٹرول کی سپلائی لائن بند کرکے ان کو معاشی طور پر پیچھے دھکیلنا ہوگا۔ اگر حکومت پاکستان یا پاک فوج نے بیت المقدس کے تحفظ کیلئے جہاد کا اعلان کیا تو 2لاکھ رضا کار دینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحفظ بیت المقدس ریلی سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ آج امریکہ نے امت مسلمہ کے خلاف واضح جنگ کا اعلان کیا ہے ، حکمرانوں کو خواب غفلت سے جاگناہوگا۔ یادداشت میں مطالبہ کیا گیاکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے اور امریکی سفارت خانہ کھولنے کے فیصلے کو فی الفور واپس لیں۔

ای پیپر-دی نیشن