تاریخی منٹو پارک کی وکٹیں رات کی تاریکی میں اکھاڑ دی گئیں
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں سپ سے زیادہ قومی ٹیم کو کپتان مہیا کرنے والی تاریخی منٹو پارک گراؤنڈ ایک مرتبہ پھر کھیلوں کے حوالے سے تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے۔ چند ماہ قبل 23 لاکھ روپے کی لاگت سے 9 وکٹیں تیار کی گئی تھیں جنہیں رات کی تاریکی میں ایک مرتبہ پھر اکھاڑ دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ منٹو پارک گراؤنڈ جہاں اب حکومت پنجاب نے گریٹر اقبال کے نام سے تاریخی پارک بنا دیا گیا ہے۔ منٹو پارک گراؤنڈ جہاں 15 کے قریب وکٹیں تھیں جہاں سے پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت کرنے والے نامور کرکٹر جن میں حفیظ کاردار، فضل محمود، امتیاز احمد، مدثر نذر، سلیم ملک، عامر سہیل اور انضمام الحق شامل ہیں جبکہ اس کے علاوہ لا تعداد ٹیسٹ کرکٹ شامل ہیں جنہوں نے پاکستان ٹیم کی نمائندگی کر رکھی ہے۔ حکومت پنجاب کی جانب سے پہلے منٹو پارک گراؤنڈ کو گریٹر اقبال پارک میں تبدیل کیا گیا جہاں واقع وکٹوں کو مسمار کر دیا گیا تھا تاہم بعد میں کرکٹرز کے احتجاج کے بعد حکومت پنجاب نے ایک مرتبہ پھر منٹو پارک میں 23 لاکھ روپے کی لاگت 9 وکٹیں تیار کی گئی تھیں اب ان وکٹوں پر پریکٹس کا آغاز ہی ہوا تھا کہ حکومت پنجاب کی جانب ایک مرتبہ پھر ان وکٹوں کو ختم کر کے یہاں کمپلیکس بنانے کی تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے جس پر سابق ٹیسٹ کرکٹرز نے وزیر اعلٰی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ ان وکٹوں کو تباہی سے بچایا جائے۔