ملتان: وکلاء کا پانچویں روز بھی دھرنا‘ 21 رہا
ملتان (سپیشل رپورٹر) وکلاء کی جانب سے مطالبات کے حق میں دھرنا پانچویں روز میں داخل ہو گیا جس میں مختلف بار ایسوسی ایشنز اور تاجر تنظیموں کی جانب سے اظہاریکجہتی کیا گیا ہے۔ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے ممبر بار کونسل خواجہ قیصر بٹ نے کہا کہ وکلاء عدالتوں کی نیو جوڈیشل کمپلیکس منتقلی کے بعد ایک ماہ تک ضلع کچہری میں دھرنا دیا اور مطالبات کیلئے مذاکرات بھی کئے‘ لیکن مطالبات تسلیم نہ ہونے پر جوڈیشل کمپلیکس میں مجبوراً احتجاج کیا تو وکلاء کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کرا دیا گیا جبکہ سیکرٹری سید ریاض الحسن گیلانی نے کہا کہ وکلاء کے مذاکرات کامیاب نہیں ہوئے تو ملتان کے تاجروں کو پورے شہر کی مارکیٹیں بند کرنے کی کال دی جائے گی اور ہمارے حوصلے بلند ہیں۔ علاوہ ازیں پولیس کی جانب سے گرفتار 21 وکلاء کو رہا کر دیا گیا جن کا چوک کچہری پہنچنے پر استقبال کیا گیا ہے۔