سازشیں کرنیوالوں کو عوام الیکشن میں نشان عبرت بنا دینگے: خرم دستگیر
گوجرانوالہ+ریاض(نمائندہ خصوصی+پ ر) وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ پورے ملک کے عوام نوا زشریف کی نا اہلیت کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں ، مخلص اور سچی نیت والی قیادت نے دیانتداری سے کام کرکے عوام سے کئے وعدوں کو پوراکر دیا ، مسلم لیگ ن کی منتخب جمہوری حکومت کے قبل ازوقت خاتمے کی سازشیں کرنے والوں کو عوام آئندہ الیکشن میں نشان عبرت بنا دیں گے،رکاوٹوں کے باوجود ترقی ،خوشحالی اور روشنی کا کارواں چلتا رہے گا، ان خیالات کا اظہار انہوںنے یوسی 19میں مکمل ہونے والے سیوریج و پی سی سی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوںنے کہا کہ منتخب وزیر اعظم کو اپیل کا حق نہ ملنا بہت سے سوالوں کو جنم دیتا ہے ،ان شاء اللہ عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے انہیں ایک بار پھر وزیر اعظم منتخب کر کے سازشی ٹولے کی سازش کو ناکام کریں گے ،اس موقع پر رانا انتظار احمد ،یوسی چیئرمین رانا بلال احمد ،وائس چیئرمین فیصل جٹ ،لیاقت جٹ ،میاں بشیر و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ وزیر دفاع خرم دستگیر کی قیادت میں 7 رکنی وفد نے سعودی وزارت کامرس اور سرمایہ کاری کے حکام سے ملاقاتیں کی ہیں۔ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ سعودی وزیر ڈاکٹر ماجد بن عبداللہ القسابی بھی موجود تھے۔ وزیر دفاع نے شاہ سلمان کیلئے اچھی خواہشات کا اظہار کیا۔ پاکستانیوں کی بڑی تعداد کی میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔